انسانی حقوق کے دعویداروں کی معنی دار خاموشی پر ایران کی نکتہ چینی

Rate this item
(0 votes)
انسانی حقوق کے دعویداروں کی معنی دار خاموشی پر ایران کی نکتہ چینی

ایکنا نیوز کے مطابق ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے انسانی حقوق کے دعویدار ملکوں کے دوغلے موقف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کو سزائے موت دئے جانے پر ان کی خاموشی ایک مذموم حرکت ہے۔

 

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے سعودی عرب میں بے گناہ انسانوں کی سزائے موت پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ملکوں کا دوہرا معیار اور انسانی حقوق کو ایک حربے کے طور پر استعمال کرنا اور اسی طرح بے گناہوں کی سزائے موت پر انسانی حقوق کے دعویدار ملکوں کی خاموشی شدیدا قابل مذمت ہے۔

 

انھوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مغربی ممالک انسانی حقوق کے مسئلے کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں، تنظیموں اور اسی طرح دنیا کے آزاد ذرائع ابلاغ کو چاہئے کہ اس سلسلے میں اپنی خاموشی توڑیں۔

 

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہفتے کے روز اکیاسی افراد کو سزائے موت دی گئی ہے جن میں سے اکتالیس افراد شیعہ تھے۔  سعودی حکومت نے انہیں مختلف بہانوں سے گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا تھا اور پھر سزائے موت دیدی۔

Read 424 times