Print this page

آیت اللہ میلانی اسلامی نہضت کے مضبوط ستونوں میں سے ایک تھے، رہبر معظم انقلاب Featured

Rate this item
(0 votes)
آیت اللہ میلانی اسلامی نہضت کے مضبوط ستونوں میں سے ایک تھے، رہبر معظم انقلاب

 رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آیت اللہ سید محمد ہادی میلانی کی یاد میں منعقدہ کانفرنس کے منتظمین سے ملاقات میں اس عظیم علمی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ میلانی معنوی، اخلاقی، علمی اور سماجی و سیاسی لحاظ سے ایک جامع شخصیت تھے اور مشہد کا حوزہ علمیہ حقیقت میں ان کا مرہونِ منت ہے۔

رہبرِ انقلاب نے آیت اللہ میلانی کی انفرادی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں وقار، متانت، تواضع اور دوستوں کے ساتھ وفاداری کا پیکر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علمی میدان میں وہ ایک بلند پایہ عالم تھے جنہوں نے علامہ نائینی اور شیخ محمد حسین اصفہانی جیسے عظیم اساتذہ سے فیض حاصل کیا اور اپنے علمی بیان سے فاضل طلباء کی ایک بڑی کھیپ تیار کی۔

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ آیت اللہ میلانی 1960 کی دہائی کے اوائل میں اسلامی نہضت کے آغاز کے وقت اس کے اہم ستونوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے امام خمینی (رہ) کی گرفتاری کے بعد دیگر علماء کے ساتھ تہران کا سفر کیا اور امام (رہ) کی ترکی جلاوطنی کے بعد ان کی حمایت میں جو خط لکھا، وہ آج بھی ایک اہم تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔

رہبر معظم نے مزید لہا کہ آیت اللہ میلانی مختلف سیاسی گروہوں سے رابطے میں رہنے کے باوجود کسی خاص سیاسی دھڑے سے منسوب ہونے سے سختی سے گریز کرتے تھے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ہمایش کے ذریعے عوام آیت اللہ میلانی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے بہتر طور پر واقف ہو سکیں گے۔

اس کانفرنس کے آغاز میں آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین مروی نے کانفرنس کے مقاصد، علمی کمیٹیوں کی کارکردگی اور مشہد و کربلائے معلیٰ میں ہونے والے نشستوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

Read 8 times