سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے سینئر مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ ایران نے اپنے میزائلوں کا باپ تیار کر رکھا ہے اور دشمن کی کسی بھی غلطی کی صورت میں اس کے لیے بچ نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق، جنرل محمد رضا نقدی نے شمالی شہر ساری میں جان فدای ایران مہم میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا جواب دیا جائے گا اور دشمن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے گا۔
جنرل نقدی کا ایرانی میزائلوں کے ’باپ‘ سے متعلق بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے جواب میں سامنے آیا، جس میں انہوں نے ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات کے خلاف جی بی یو 43/بی نامی طاقتور بم استعمال کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس بم کو عام طور پر ’تمام بموں کی ماں‘ کہا جاتا ہے۔
ایرانی جنرل نے خبردار کیا کہ کسی بھی غلط فیصلے کی صورت میں خطے میں جارح قوتوں کے تمام بنیادی ڈھانچے اور توانائی سے متعلق تنصیبات ایرانی میزائلوں کی عملی دسترس میں ہوگی اور ان کی سلامتی براہ راست خطرے میں پڑ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے امریکی فوجی دھمکیوں کے جواب میں اپنی میزائل صلاحیتوں اور دفاعی ڈیٹرنس کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے ایران کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
جنرل نقدی نے زور دیا کہ ایران کی طاقت اور کامیابیوں کی بنیاد محض فوجی سازوسامان نہیں، بلکہ ایرانی عوام کی بھرپور شرکت، آمادگی اور مزاحمت ہے۔ ایرانی قوم کی تیاری اور مزاحمت نے دشمن کو زمینی دراندازی سے روکا، جبکہ سمندر میں مخالف جہازوں کو ایک ہزار کلومیٹر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات واشنگٹن کے ان دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے جن میں ایران کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کی بات کی جاتی ہے۔ اگر کوئی فریق واقعی فتح حاصل کر چکا ہو تو اسے اپنے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کی بات کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی