Print this page

ایران کا فرانسیسی الزامات پر شدید ردعمل: جوہری ہتھیاروں کا دعوی بے بنیاد قرار

Rate this item
(0 votes)
ایران کا فرانسیسی الزامات پر شدید ردعمل: جوہری ہتھیاروں کا دعوی بے بنیاد قرار

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے فرانسیسی وزیر خارجہ کی جانب سے ایران پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ایروانی نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش کو ایک رسمی مراسلہ ارسال کیا، جس میں کہا گیا کہ ایران نہ کبھی جوہری ہتھیاروں کے حصول کا خواہاں رہا ہے اور نہ ہی اپنی دفاعی حکمت عملی میں کوئی تبدیلی کی ہے۔

انہوں نے فرانسیسی وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کو سیاسی مقاصد پر مبنی اور حقائق کے منافی قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے دعوے دانستہ طور پر حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔

ایروانی نے کہا کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) ک بانی رکن کی حیثیت سے اس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی اس کے پرامن جوہری پروگرام کی مسلسل نگرانی اور تصدیق کررہی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر پوری طرح عمل کیا۔ اس کی ناکامی کی ذمہ داری امریکا کی غیر قانونی علیحدگی اور یورپی ممالک کی وعدہ خلافیوں پر عائد ہوتی ہے۔ ایران نے ان حالات میں شفاف انداز میں اپنے اقدامات محدود کیے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ کی جانب سے ایران پر ممکنہ سخت پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی پر ایروانی نے کہا کہ یہ کھلی سیاسی و اقتصادی بلیک میلنگ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر فرانس اور اس کے اتحادی واقعی سفارتی حل کے خواہاں ہیں، تو انہیں دھمکیوں سے باز آنا ہوگا اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔

Read 10 times