ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریبآبادی نے دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی وزارت خارجہ کے معاون برائے امور بینالملل عبدالرحمن الرسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا اور بین الاقوامی، علاقائی و کثیرالجہتی تنظیموں میں تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔
غریبآبادی نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی، تعاون اور خوشگوار تعلقات سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ ان کے مثبت اثرات خطے اور عالمی سطح پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک کئی شعبوں میں مشترکات رکھتے ہیں لہذا باہمی احترام اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کے تحت اپنے تعلقات کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ تنظیم عالمی سطح پر مسلمانوں کی مؤثر آواز بن سکے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے بین الاقوامی تنظیموں میں جاری تعاون، حقوق بشر، قانونی و عدالتی امور اور اسلامی تعاون تنظیم کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا اور کہا کہ OIC کو غزہ میں قابض حکومت کی جارحیت اور خطے میں اس کے مظالم کے خلاف مزید مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔