Print this page

ایران پابندیوں کے بعد کے دور سے نمٹنے کے لیے تیار ہے

Rate this item
(0 votes)
ایران پابندیوں کے بعد کے دور سے نمٹنے کے لیے تیار ہے

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی امور کے ماہر میر قاسم مومنی نے کہا ہے کہ اگرچہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کی مدت قانونی طور پر ختم ہو چکی ہے، لیکن ایران نے اپنی مزاحمتی صلاحیت اور داخلی خود انحصاری کے ذریعے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ پابندیوں کے بعد کے دور سے کامیابی سے نمٹنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مہر نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231، جس میں 2015 کے جوہری معاہدے کی توثیق کی گئی تھی، اپنی 10 سالہ مدت مکمل کرچکی ہے، جس سے JCPOA قانونی طور پر ختم ہوگیا ہے۔ اس قرارداد کے تحت اسلحہ کی تجارت، جہاز رانی اور تجارتی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں اب ختم ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے نقطۂ نظر اور وزیر خارجہ کے بیان کے مطابق یہ قرارداد اپنی مدت پوری کرچکی ہے۔ اگرچہ P5+1 ممالک نے JCPOA کے اختتام کو تسلیم کرلیا ہے، لیکن امریکہ اب بھی دیگر ممالک پر دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرسکے۔

انہوں نے ایران کی مزاحمتی پالیسی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک خودمختار ملک ہے جو "نہ مشرق، نہ مغرب" کی پالیسی کے تحت اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔ بیرونی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود قومی اتحاد اور اندرونی صلاحیتوں پر انحصار ہی ایران کی ترقی کا راز ہے۔

مومنی نے کہا کہ تہران نے 1979 کے انقلاب کے بعد سے بین الاقوامی دباؤ اور قراردادوں کا کامیابی سے سامنا کیا ہے۔ جس طرح ایران نے ماضی کی پابندیوں کو شکست دی، اسی طرح اس نئے مرحلے سے بھی کامیابی سے گزرنے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ JCPOA جولائی 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت ایران نے اپنے پرامن جوہری پروگرام پر متعدد پابندیاں قبول کیں، جن میں یورینیم کی افزودگی میں کمی، سینٹری فیوجز کی تعداد محدود کرنا، اور اراک ری ایکٹر کی ازسرنو تشکیل شامل تھی تاہم مغربی ممالک حتی کہ اوباما انتظامیہ کے دور میں بھی ایران سے کیے گئے اقتصادی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے۔ 2018 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر معاہدے سے دستبرداری اختیار کرلی اور یورپی مالیاتی نظام INSTEX بھی ایران کو پابندیوں کے اثرات سے بچانے میں ناکام رہا۔

18 اکتوبر 2025 کو اقوام متحدہ کی قرارداد 2231 کی مدت خودبخود ختم ہو گئی، جس کے ساتھ ہی JCPOA کا قانونی دور بھی باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہوگیا۔

Read 10 times