امام خمینیؒ بت شکن کی ذات سامراجی قوتوں کے اسلام دشمن عزائم کے خلاف مضبوط ڈھال تھی

Rate this item
(1 Vote)
امام خمینیؒ بت شکن کی ذات سامراجی قوتوں کے اسلام دشمن عزائم کے خلاف مضبوط ڈھال تھی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام خمینیؒ کی تینتیسویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی استکباری قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے امام خمینیؒ کے جرات مندانہ طرز عمل کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔ خمینیؒ بت شکن کی ذات سامراجی قوتوں کے اسلام دشمن عزائم کے خلاف مضبوط ڈھال تھی۔انہیں اس حقیقت کا بخوبی ادارک تھا کہ امریکہ مختلف ممالک کو اپنا غلام بنا کر انہیں امریکی مفادات کے لیے استعمال کرتا ہے۔جس نے بھی امریکہ پر اعتماد کیا وہ ہمیشہ دھوکے میں رہا۔امام خمینی نے امریکہ کو بدترین مکار قرار دے کر یہ واضح کیا کہ انسانیت اور عوام کی بھلائی اسی میں ہے کہ مسلم حکمران امریکہ پر انحصار ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وہ حکمران جو اپنے آپ کو کمانڈو کہتے تھے امریکی وزیر خارجہ کے ایک ٹیلی فون کال پر ڈھیر ہو گئے۔ پاکستان کو امریکی جنگ میں جھونک کر قوم کو ایک دلدل میں پھنسایا گیا۔ہمیں اس احساس اور حقیقت کو فروغ دینا ہو گا کہ پاکستانی قوم کسی کی غلامی کو برداشت نہیں کرے گی۔پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ استعمار اور اس کے حواری اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ ہر محب وطن پر فرض ہے کہ وہ آزادی کی حفاظت کے لئے قوم کے اندر شعور پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔اگر ہم اس منحوس امریکی بلاک سے الگ نہ ہوئے اور غلامی کی زنجیروں کو نہ توڑا گیا تو ملک ناقابل برداشت نقصان سے دوچار ہوگا۔ہمیں تقسیم کرکے امریکہ اور اس کے حواری ملک کی سالمیت کی خلاف وار کرنے کی مکمل تیاری میں مصروف ہیں۔ اتحاد بین المسلمین ہی استعماری سازشوں سے مقابلے کا اصل ہتھیار ہے۔ امریکہ نے جو طبقہ ہم پر مسلط کیا ہوا ان کے خلاف خاموشی ملک کو ایک ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کردے گی۔پاکستان میں کمزور اور غلام حکمران امریکہ کی خواہش ہے تاکہ وہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کر سکے۔پاکستانی قوم کو استعماری قوتوں سے نجات دلانے کے لئے طویل جدوجہد کی ضرورت ہے۔یہ دنوں یا مہینوں کا کام نہیں بلکہ جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا پایہ تخت اس وقت اسلام باد میں نہیں واشنگٹن میں ہے۔ ہم پر استعماری فیصلے مسلط ہو رہے ہیں۔اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے یہ مغربی غلام سرگرم ہے،ہم اس عمل کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ہمارے پاس کھونے کو اب کچھ نہیں۔ ہم سب کچھ قربان کرینگے لیکن ان وطن فروشوں کو تسلیم نہیں کریں گے۔ہم ایک آزاد قوم ہے آزاد جئیں گے آزاد مریں گے۔ لیکن امریکی غلامی کو قبول نہیں کریں گے۔

Read 1098 times