اضطراب اور پریشانی سے کیسے نجات حاصل کریں؟

Rate this item
(0 votes)
اضطراب اور پریشانی سے کیسے نجات حاصل کریں؟

حوزہ حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: روایات میں آیا ہے کہ سورہ انشراح کو زیادہ پڑھیں اور اس سورہ کو پڑھتے وقت اپنا ہاتھ اپنے دل پر رکھیں تاکہ خدا انسان کو شرح صبر عطا کرے اور بعض بیماریوں کے دور ہونے کے لیے بھی روایات میں کہا گیا ہے کہ اس سورہ کو پڑھیں اور اپنے اوپر دم کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا قم میں ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے جاری اپنے سلسلۂ گفتگو کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی چند آیات میں کلمہ قلب کے بجائے کلمہ صدر استعمال ہوا ہے جیسا کہ حضرت موسی علیہ السلام نے خداوندعالم سے شرح صدر کا تقاضا کیا ہے اور مفسرین کے بقول صدر سے مراد قلب ہے۔

انہوں نے مزید کہا: سورہ انعام کی آیت نمبر 25 میں آیا ہے کہ خداوندعالم اگر کسی کی ہدایت کا ارادہ کرتا ہے تو اسے شرح صدر عطا کرتا ہے اور اگر کسی کی ہدایت نہیں کرنا چاہتا تو اس کے سینے اور قلب کو تنگ کردیتا ہے اور وہ اسٹریس، اضطراب اور پریشانی میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

 اس آیت کے ذیل میں روایات میں بھی آیا ہے کہ صدر سے مراد قلب (دل) ہے۔

دینی علوم کے اس استاد نے کہا: سورہ مبارکہ انشراح میں خداوند متعال نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خطاب کر کے فرمایا: ہم نے تمہیں شرح صدر عطا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روایات میں آیا ہے کہ سورہ انشراح کی زیادہ تلاوت کرو اور اس کی تلاوت کرتے وقت اپنا ہاتھ اپنے سینے پر رکھو تا کہ خداوندکریم انسان کو شرح صدر عطا کرے اور بعض بیماریوں کے لیے بھی آیا ہے کہ اس سورہ کو پڑھو اور اپنے اوپر دم کرو ۔

انہوں نے مزید کہا: سورہ انشراح انسان کو سکونِ دل اور شرح صدر عطا کرتی ہے اور انسان سے باطنی اضطراب کو دور کرتی ہے۔

انہوں نے کہا: باطنی اضطراب کے مصادیق ہی میں سے ایک دل کا تنگ ہونا ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مومنی نے کہا: روایات میں آیاہے کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے شرح صدر کے مفہوم کے متعلق سوال ہوا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: شرح صدر ایسا نور ہے جو خداوندعالم مومنین کے دل میں قرار دیتا ہے اور اس کا دل کشادہ ہو جاتا ہے اور وہ مشکلات کے ہجوم میں تدبیر سے کام لیتا ہے۔

دوبارہ حضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال ہوا کہ آیا شرح صدر کی کوئی علامت بھی ہے؟ تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ہاں! دنیا سے دل نہ لگانا اور اس سے وابستہ نہ ہونا، آخرت کے لئے جدوجہد کرنا اور موت سے پہلے موت کے لیے تیار ہونا شرح صدر کی علامات میں سے ہیں۔

Read 863 times