صبر کا مطلب خاموشی نہیں، دشمنان انسانیت کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے، آیت اللہ مصطفی خامنہ ای

Rate this item
(0 votes)
صبر کا مطلب خاموشی نہیں، دشمنان انسانیت کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے، آیت اللہ مصطفی خامنہ ای

 شہید رہبر انقلاب اسلامی کے فرزند ارشد آیت‌الله سید مصطفی حسینی خامنه‌ای نے کہا ہے کہ عظیم سانحے پر صبر کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا کے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی یا ان سے مقابلہ روک دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق، مصلائے امام خمینی میں شہید رہبر انقلاب اسلامی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت‌الله سید مصطفی حسینی خامنه‌ای نے کہا کہ وہ اس تقریب میں ایک پیغام پہنچانے کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔

انہوں نے شہادت کے واقعے پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج)، امت مسلمہ، ایرانی قوم اور تقریب میں شریک افراد کو تعزیت پیش کرتے ہوئے قرآن کریم کی آیت "وَبَشِّرِ الصَّابِرِینَ" کی طرف اشارہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قرآنی تعلیمات میں صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان بڑی مصیبت کو اس طرح برداشت کرے کہ وہ اپنے روشن راستے کو درست انداز میں جاری رکھ سکے اور اپنے آخری ہدف تک پہنچنے کے لیے ثابت قدم رہے۔

آیت‌الله سید مصطفی حسینی خامنه‌ای نے واضح کیا کہ صبر کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ بڑے جرائم میں ملوث دنیا کے شرپسند عناصر کے خلاف انتقام اور مقابلے سے دستبردار ہوا جائے۔

انہوں نے شہید رہبر انقلاب اسلامی کی تشییع جنازہ میں عوام کی وسیع شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے بڑے واقعات اور شہید امام خامنہ ای کے تشییع جنازے میں توحید کا ایک عظیم مظہر دیکھنے کو ملا، جس کی قدر کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً پچاس برس سے اسلامی معاشرے میں اسلام کے مطلوبہ تصورِ توحید کا ایک منفرد انداز میں اظہار دیکھنے کو مل رہا ہے، جو انسانوں کی سعادت کا سبب بنتا ہے۔

شہید رہبر انقلاب کے فرزند نے کہا کہ روایات کے مطابق اگر کسی معاشرے کا امام اللہ کا نمائندہ ہو اور امت اس کی قیادت کو قبول کرتے ہوئے اس کی پیروی کرے تو وہ معاشرہ اعلی روحانی مقام سے جڑ جاتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر رہبر معظم انقلاب کی جانب سے عوام کے نام تشکر کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ عظیم، شاندار اور بے مثال اجتماع پر رہبر معظم انقلاب کی طرف سے عوام کا شکریہ ادا کریں۔

آیت‌الله سید مصطفی حسینی خامنه‌ای نے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی وفاداری اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا منظر پیش کیا جو دشمنوں کے لیے انتہائی سخت اور ناقابل برداشت تھا۔

انہوں نے کہا کہ تہران، قم، مشہد اور ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے عوام نے لاکھوں کے اجتماعات کی صورت میں انقلاب اسلامی کے اقدار اور نظریات سے اپنی وابستگی کا تاریخی اظہار کیا۔ عوام کی یہ عظیم شرکت اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس کے مثبت اثرات اور برکات سامنے آئیں گی۔

Read 0 times