علامہ قاضی غلام مرتضیٰ مرحوم و مغفور کی قومی و ملی خدمات پر ایک طائرانہ نظر

Rate this item
(1 Vote)
علامہ قاضی غلام مرتضیٰ مرحوم و مغفور کی قومی و ملی خدمات پر ایک طائرانہ نظر

مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی صائب رہنمائی اور سرپرستی میں فروغ علم و فلاح انسانیت کا جو کارواں ملک بھر میں رواں دواں ہے ، جناب علامہ قاضی غلام مرتضیٰ مرحوم و مغفور اسی کارواں کے ایک نمایاں فرد تھے ۔آپ نے 1959 میں ضلع راولپنڈی کے گاؤں بگرہ سیداں میں آنکھ کھولی اور میٹرک کےبعد ابتدائی دینی تعلیم کے لیے جامعۃ المنتظر لاہور تشریف لے گئے جس کے کچھ عرصہ بعد آپ نے جامعہ اہلبیت اسلام آباد میں داخلہ لیا جہاں بہت جلد آپ کا شمار ہونہار اور باصلاحیت طلبہ میں ہونے لگا ۔اسی دوران آپ نے پنجاب یونیورسٹی سے گریجوئیشن کی اور اپنے اُستاد محترم کے مشورے پرمزید تعلیم کے لیے قم (ایران) تشریف لے گئے جہاں آپ نے اعلیٰ دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جامعہ المصطفیٰ العالمیہ ایران سے ایم فل کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد 1988 میں آپ پاکستان تشریف لائے اور مدرسہ کلیہ اہلبیت ( چنیوٹ) میں پرنسپل شپ کی مسئولیت سنبھالی جسے آپ نے تا دمِ آخر نہایت ذمہ داری اور جانفشانی سے نبھا یا یہاں تک کہ 31 مارچ سنہ2020 کو طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں داعی اجل کو لبیک کہا اور اب مدرسہ کلیہ اہلبیت چنیوٹ کے احاطے میں ابدی نیند سو رہے ہیں۔ آپ ہمیشہ اپنے استاد محترم مفسرقرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی اعلیٰ فکر و تدبر نظر کے مطابق شمع علم کو فروزاں اور امور فلاح انسانی کے عمل کو موثر اور وسیع تر کرنے کے لیے کوشاں رہے اس حیات مستعار کے دوران آپ کی بے لوث اور مخلصانہ جدوجہد جن اداروں کے شامل حال رہی ان کا اجمالی خاکہ کچھ اس طرح سے ہے۔

(1) پاک پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ :

قوم و ملت کے بچوں کو ہنر سکھانے اور انہیں معاشرے کا مفید حصہ بنانے کے لیے مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ ہمیشہ فکر مند اور سرگرم عمل رہتے ہیں چنانچہ 2003 میں پاک پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ کا قیام بھی آپ کے اسی مشن کا آئینہ دار ہے جہاں مختلف شعبہ جات کی ورکشاپس اور ضروری آلات کے ذریعے بچوں کو ہنر مند بنانے کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔اس ادارے سے اب تک 1800 سے زائد طلبہ و طالبات تعلیم مکمل کر کے باعزت روز گار سے وابستہ ہو چکے ہیں جبکہ حکومت پنجاب کے تعاون سے اب تک 4200 طلبہ و طالبات مختلف شعبہ جات کے شارٹ کورسز مکمل کرنے کے بعد قوم و ملک کی خدمت میں مصروف ہیں۔

(2) کلیۃ اہلبیت :

مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی مدظلہ العالی کی مساعی جمیلہ سے 1987 میں قائم ہوا یہ مدرسہ 24کنال رقبے پر محیط ہے جس کا ایک حصہ طلبہ کے لیے جبکہ دوسرا حصہ دانشگاہ بتول برائے طالبات کے لیے مختص قرار پایا اور علامہ قاضی غلام مرتضیٰ مرحوم و مغفور 1988 میں اس کی مدیریت سنبھالنے کے بعد تادمِ آخر اپنی مسؤلیت کو با احسن خوبی نبھاتے رہے۔اس مدرسے میں اس وقت 10 اساتذہ کرام کی زیر نگرانی کم و بیش 100 طلبہ اقامت پذیر ہیں جنہیں حوزوی تعلیم کے ساتھ ساتھ انٹر میڈیٹ اور کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔

(3) تعمیر مساجد پراجیکٹ :

اسلامی معاشرے میں مساجد کے قیام کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور یہ متبرک مقام دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں نمایاں مقام و منزلت کا حامل ہے جبکہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ اپنے تمام دینی و فلاحی اداروں کے قیام میں تعمیر و توسیع مساجد کو ہمیشہ فو قیت دیتے ہیں پس اسی پالیسی کے تحت علامہ قاضی غلام مرتضیٰ مرحوم و مغفور نے اپنی زندگی میں مختلف جگہوں پر مساجد کی تعمیر کو ممکن بنایا جن میں شہر چنیوٹ کی مرکزی جامع مسجد صاحب الزمان بھی شامل ہے جہاں 2000 سے زائد افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے جبکہ یہ مسجد ادایئگی نماز جمعہ المبارک سمیت دروس قرآن ، محافل و مجالس اور قومی و ملی سرگرمیوں کا مرکز ہے اس کے علاوہ مختلف مقامات پر 15 مساجد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جہاں نماز کے علاوہ قرآن سنٹر ز بھی قائم ہیں جن میں اِن علاقوں کے بچے قرآن اور بنیادی عقائد کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

(4) قرآن سنٹرز:

چینیوٹ کمپلیکس کے اس پراجیکٹ سے 100 سے زائد پیش نماز مربوط ہیں جو مختلف علاقوں میں100قرآن سینٹرز چلا رہے ہیں جن میں ہزاروں بچوں کو ناظرہ قرآن مجید اور دینیات کی تعلیم دی جاتی ہے۔قرآن سنٹرز کے یہ طلبہ وقتاً فوقتاً مقابلہ حسن قرائت اور اسلامی کیوز کے پروگرامز میں بھی شرکت کرتے ہیں۔

(5) حفظ القرآن ماڈل سکول :

دور حاضر کی آلودہ فضاء میں سانس لینے والی نئی نسل میں قرآن مجید سے دوری معاشرتی زوال کا بنیادی سبب ہے جسے دور کرنے ،قرآن فہمی کا شعور اُجاگر کرنے اور نئی نسل کو قرآن حفظ کرانے کے لیے 2007 میں حفظ القرآن ماڈل سکول کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ اس ادارے میں قرآن مجید حفظ کرانے اور اس کے مفاہیم ذہن نشین کرانے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے حفاظ کی قابل ذکر تعداد کو چھٹی تا مڈل کلاس کی عصری تعلیم سے بھی بہرہ مند کیا جا رہا ہے۔تا حال 427 طلبہ حفظ مکمل کر کے دیگر اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

(6) دانشگاہ بتول :

مومن بچیوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے اور اُن کی عمدہ تربیت کے لیے دانش گاہ بتول کا قیام ایک انقلاب آفریں قدم ہے 1990 سے قائم اس ادارے میں دختران ِ قوم کی ایک بڑی تعداد دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب تعلیم سے بھی بہرہ مند ہو رہی ہے ۔ جبکہ سینکڑوں بچیاں اب تک فارغ التحصیل ہو کر معاشرے میں اسلامی قدروں کو فروغ دے رہی ہیں ۔دانشگاہ بتول میں طالبات کے لیے بہترین صحت مند ماحول اور سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے جہاں اس وقت 8 خاتون اساتذہ کی زیر نگرانی ایک سو سے زائد طالبات اقامت پذیر ہیں ۔
(7) کلیۃ العباس بھوانہ:

بھوانہ جیسے دور دراز علاقے میں اس دینی مدرسے کا قیام 2005 میں عمل میں لایا گیا جہاں اس وقت 40 طلبہ اقامت پذیر ہیں جنہیں دینی و عصری تعلیم دی جا رہی ہے جبکہ یہ ادارہ بھوانہ اور اس کے گردونواح کے عوام کے لیے دینی و شرعی مسائل سے آگاہی کا واحد مرکز ہے ۔

(8) دینی مدرسہ برائے طالبات :

پنڈی بھٹیاں میں ایک دینی مدرسہ طالبات کی دینی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اہم خدمات انجام دے رہا ہے۔

(9) اُسوہ کالج بھوانہ :

چنیوٹ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے بھوانہ میں طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے کلیہ اہلبیت کی زیر نگرانی اس تعلیمی ادارے کا قیام 2018 میں عمل میں آیا ۔ اس وقت اس ادارے میں 350 طلبہ و طالبات کو محنتی اور تجربہ کار اساتذہ کرام کی زیر نگرانی ایف اے ۔ ایف ایس سی ۔ آئی سی ایس اور آئی ٹی کی تعلیم دی جار ہی ہے۔

(10) خدیجۃالکبریٰ ہسپتال :

صحت کی سہولت دور حاضر کی اولین ضرورت ہے اسی اہمیت کے پیش نظر فیصل آباد چنیوٹ مین روڈ پر 50 بستروں پر مشتمل اور جدید سہولیات سے آراستہ خدیجۃ الکبریٰ ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں6 مستند ڈاکٹرز کی زیر نگرانی علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی سمیت ہر قسم کے آپریشن اور نارمل ڈلیوری کی سہولت موجود ہے ۔ اس ہسپتال کا ایمرجنسی وارڈ دُکھی انسانیت کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے ۔ خدیجۃ الکبریٰ ہسپتال میں وقتاً فوقتاًمفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جن میں مریضوں کو مفید مشوروں اور علاج معالجے کی سہولت مہیا کی جاتی ہے ۔

(11) علی ہسپتال رجوعہ سادات:

رجوعہ سادات میں 4 کنال رقبہ پر مشتمل علی ہسپتال کا قیام علاقے کی طبی ضرورتوں کو پورا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس ہسپتال کی تعمیر حال ہی میں مکمل ہوئی ہے اور اس وقت یہاں تجربہ کار ڈاکٹرز کی زیر نگرانی گائنی ، آنکھوں کے علاج اور میڈیکل کے دیگر شعبہ جات کے ذریعے دکھی انسانیت کی شبانہ روز خدمت کی جارہی ہے ۔

(12) پیرا میڈیکل کالج :

اس ادارے کا شمار پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ کے بعد چنیوٹ کمپلیکس کے فعال ترین اداروں میں ہوتا ہے جہاں طلبہ و طا لبات کی ایک بڑی تعداد کو طبی شعبے کی خدمات کے لیے تیار کیا جاتا ہے اور انہیں ڈسپینسر ، ٹیکنیشن ، لیب ٹیکنیشن اور آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن کی تعلیم دی جاتی ہے اب تک 250 طلبہ و طالبات فارغ التحصیل ہو کر مختلف ہسپتالوں و دیگر اداروں میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

(13) فارمیسی کالج :

یہ ادارہ دوا سازی کے میدان میں سرگرم عمل ہے اور پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے نمایاں حیثیت کا حامل ہے ۔جہاں پاکستان فارمیسی کونسل کے تحت فارمیسی ٹیکنیشن کی تعلیم دی جاتی ہے اور تعلیم کی تکمیل کے بعد کامیاب فرد میڈیکل سٹور کے لیے لائسنس حاصل کر سکتا ہے ۔ اب تک 100 طلبہ و طالبات فارغ التحصیل ہو چکے ہیں ۔

(14) نرسنگ کالج :

نرسنگ کالج چنیوٹ کمپلیکس کا ذیلی ادارہ ہے جہاں لیڈی ہیلتھ وزیٹر(LHV) اور سرٹیفائیڈ نرسنگ اسسٹنٹ (CNA)کے تربیتی کورسز کامیابی سے چلائے جارہے ہیں۔

(15) فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد :

کلیہ اہلبیت کی زیر نگرانی چینوٹ کے دور افتادہ و پسماندہ علا قوں میں وقتاً فوقتاً فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں میڈیسن کے علاوہ فری ٹیسٹ بھی کیے جاتے ہیں ۔ ان میڈیکل کیمپس کے علاوہ ان علاقوں کے ہونہار طلبہ کو سکالرشپ ، کتب ، یونیفارم اور بیوگان کو ماہانہ راشن بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

(16) ورچوئل سب کمپلیکس :

یہ ادارہ جدید برقیاتی تدریس کے آلات سے لیس ہے جہاں یونیورسٹی سطح کے طلباء کو علوم اداریہ، علوم تجاریہ ،اقتصادیات بینکاری، مالیات، ریاضیات، نفسیات کے علاوہ کمپیوٹر سائنس اور دیگر مضامین میں بی ایس اور ایم ایس کرنے کی سہولت میسر ہے اس وقت 4200 سے زائد طلبہ و طالبات ڈگری و ماسٹر لیول کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 450 طلبہ و طالبات اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔
درج بالا کامیاب اداروں کا قیام اور قومی و ملی سرگرمیوں میں متحرک کردار مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی محنت و تربیت اور علامہ قاضی غلام مرتضی مرحوم و مغفور کے اخلاص عمل کا منہ بولتا ثبوت ہے اگرچہ آج وہ ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں لیکن ان کی دینی و ملی خدمات ہمیشہ ہمیں ان کی موجودگی کا احساس دلاتی رہیں گی اس لیے کہ
مرتے نہیں ہیں وہ کبھی زندہ ہوں جن کے نیک کام

Read 1571 times