مولوی خدائی: بزرگان دین کے کلام میں تفرقہ اور جدائی نام کی کوئی چیز نہیں

Rate this item
(0 votes)
مولوی خدائی: بزرگان دین کے کلام میں تفرقہ اور جدائی نام کی کوئی چیز نہیں

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولوی عبدالرحمن خدائی نے شہر بانہ کے دینی مدارس کے طلباء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: جو وحدت قرآن پاک، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کے کلام میں موجود ہے وہی مسلمانوں کے لیے دشمنوں کی سازشوں سے نجات کا راستہ ہے۔

شہر بانہ کے امام جمعہ نے کہا: مسلمانوں کے درمیان وحدت ہی دنیائے اسلام میں جنگ اور قتل و غارت کے خاتمے کا باعث ہے۔ کیونکہ مسلمانوں میں حقیقی معنی میں وحدت کا وجود داعش، القاعدہ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے لیے موت ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اتحاد و وحدت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بنیادی اہداف میں سے تھے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں کو توحید اور یکتا پرستی کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی پیدا کرنے کے لیے بہت کوششیں کیں اور منافقین کی شرارتوں کے باوجود اس سلسلے میں بہت اہم اقدامات کئے۔

مولوی خدا ئی نے کہا: جو لوگ دنیائے اسلام میں ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں نہ وہ اہل سنت ہیں اور نہ ہی شیعہ؛ بلکہ یہ افراد مغربی دنیا اور عالمی استعمار کے آلہ کار ہیں۔

شہر بانہ کے امام جمعہ نے کہا: اگر مسلمان چاہتے ہیں کہ دنیا کے لئے کچھ کہنے کو ان کے پاس ہو تو انہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا: بزرگان دین کے کلام میں تفرقہ اور جدائی نامی کوئی چیز نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا: بزرگان دین کی سیرت میں تفرقہ اور اختلاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

اہلسنت کے عالم دین نے کہا: دشمن مسلمانوں کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کی سیرت سے دور کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان بزرگانِ دین کی سیرت پر عمل کریں۔

Read 565 times