جناب سمانہ

Rate this item
(0 votes)

جناب سمانہ

فرزند رسول حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی شریکہ حیات اور حضرت امام علی نقی علیہ السلام کی مادرگرامی جناب " سمانہ " عالمہ ، فاضلہ اور ایک متقی و عبادت گذار خاتون اور زہد و تقوی میں بے نظیر تھیں آپ کی کنیت ام الفضل مغربی ہے آپ ہمیشہ مستحبی روزہ رکھا کرتی تھیں یہی وجہ ہے کہ بزرگوں نے آپ کو صدیقین اور صالحین کی ماں قراردیا ہے جناب سمانہ پروردگار عالم کی مخلص کنیز تھیں فرزند رسول حضرت امام علی نقی علیہ السلام آپ کے بارے میں فرماتے ہیں : میری مادر گرامی ہمارے حق سے آگاہ اور بہشتی عورتوں میں سے ہیں اور شیطان رجیم کبھی بھی ان کے قریب نہیں پہنچ سکتا اور نہ ہی آپ کو بہکا سکتا ہے کیونکہ خداوندعالم آپ کا محافظ و نگہبان ہے اور آپ کبھی بھی صدیقین اور صالحین کی ماؤں کے صف سے خارج نہیں ہوسکتیں ۔

جناب سمانہ ایک کنیز تھیں جنہیں حضرت امام محمد تقی علیہ السلام نے خرید کر آزاد کیا تھا اور پھر کچھ دنوں بعد وہ آپ کی ہمسری میں آگئیں حضرت امام محمد تقی علیہ السلام نے ان کی تربیت و تہذیب و اخلاق کی ذمہ داری خود ہی سنبھال رکھی تھی اور آپ کو اس گھر میں رکھاتھا جس گھر میں حضرت علی علیہ السلام کی پاک و پاکیزہ اولادیں جو ایمان و عفت میں بے مثال تھیں موجود تھیں جناب سمانہ پر ان خواتین کے اخلاق و کردار کا کافی اثر پڑا اور وہ عابدہ و زاہدہ اور قاری قرآن بن گئیں۔

جناب سمانہ اور حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی مقدس شادی کے نتیجے میں ان کے یہاں آٹھ اولادیں ہوئیں جن کے نام یہ ہیں ابوالحسن حضرت علی نقی علیہ السلام ، ابو احمد موسی مبرقع علیہ السلام، ابو احمد حسین ، ابو موسی عمران ، فاطمہ ،خدیجہ ، ام کلثوم اور حکیمہ ۔

جناب سمانہ کا انتقال حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کے بیت اقدس میں ہوا اور آپ کی قبر مبارک سامرہ میں آپ کے فرزند امام علی نقی علیہ السلام کے روضہ مبارکہ میں ہے اور مرجع خلائق بنی ہوئی ہے ۔

Read 4856 times