حالیہ جنگوں میں عالمی طاقتوں کو بے بس کر دیا، جنرل فدوی

Rate this item
(0 votes)
حالیہ جنگوں میں عالمی طاقتوں کو بے بس کر دیا، جنرل فدوی

 سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ کے مشیر جنرل علی فدوی نے حضرت عبدالعظیم حسنی کے روضہ مبارک میں منعقدہ شہید حسین سلامی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمایاں شہداء، جن میں شہید حسین سلامی اور دوسری و تیسری مسلط کردہ جنگ کے شہداء شامل ہیں، امت کی دستگیری اور رہنمائی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران کے دو سربراہان اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر بھی شہداء میں شامل ہو چکے ہیں۔ یہ اس بات کی اہم علامت ہے کہ ہمارے کمانڈر ہمیشہ دشمن کے خلاف محاذ جنگ کی پہلی صف میں موجود رہے ہیں۔

جنرل علی فدوی نے کہا کہ عوام اور ذمہ داران کی استقامت اور ثابت قدمی کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ اسلامی انقلاب کو ایک عظیم کامیابی عطا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمتی محاذ نے کئی ماہ تک دنیا کی سب سے بڑی طاقت کا مقابلہ کیا اور اسے بے بس کر دیا۔ ان کے بقول یہ کامیابی اسلامی انقلاب، مزاحمتی محاذ، فلسطینی عوام، حزب اللہ اور عراق کی مزاحمتی قوتوں کے لیے باعث افتخار ہے۔

انہوں نے مخالف محاذ کو بچوں کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بیس ہزار سے زائد بچوں کو قتل کیا گیا، جبکہ ایران میں بھی اسکول جانے والے بچے نشانہ بنے۔

جنرل فدوی نے شہید حسین سلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سن 1984 سے ان کے ساتھ کام کرنے اور رفاقت کا موقع ملا۔ ان کے بقول شہید حسین سلامی قرآن مجید کے معلم کی حیثیت سے سپاہ میں شامل ہوئے تھے اور قرآن کی برکت سے مختلف ذمہ داریوں تک پہنچے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن وعدہ صادق کے دوران بھی شہید حسین سلامی کی شخصیت، قرآنی طرز فکر اور پراعتماد انداز نمایاں تھا۔

خطاب کے اختتام پر جنرل علی فدوی نے کہا کہ مستند روایات کے مطابق ایک شہید اپنے خاندان کے ستر ہزار افراد اور چار سو اسی دوستوں اور ہمسایوں کی شفاعت کر سکتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو اپنی رحمت اور شہداء کی عنایت سے بہرہ مند فرمائے۔

 
Read 17 times