پیغمبر اعظم(ص) کی بعثت کے اہداف و مقاصد

Rate this item
(0 votes)
پیغمبر اعظم(ص) کی بعثت کے اہداف و مقاصد

انسانی حقوق یا فرائض کا کوئی ضابطہ یا آئین موجود نہ تھا۔ اغواء، قتل و غارت اور اپنی لڑکیوں کو زندہ در گور کرنا معمول زندگی تھا۔ ذرا سی بات پر تلواریں نکل آتیں اور خون کی ندیاں بہا دی جاتیں۔ انسانیت ہر لحاظ سے تباہی و بربادی کے کنارے پر کھڑی تھی۔ ان حالات میں رحمت حق جوش میں آئی اور حضور اکرم (ص) مبعوث بہ رسالت ہوئے۔ دنیا چشم زدن میں گہوارہ امن و امان بن گئی۔ راہزن رہنماء بن گئے۔ جاہل شتربان اور صحرا نشین جہان بان و جہان آراء بن گئے اور سرکش لوگ معلم دین و اخلاق بن گئے۔ تاریخ انسانیت کا یہ عظیم واقعہ دنیا میں ایک بڑے انقلاب کا باعث بنا اور اس نے پوری تاریخ انسانیت پر اثرات چھوڑ دیئے۔ دنیا میں انبیاء مبعوث ہوئے ہیں، انبیائے اولوالعزم مبعوث ہوئے ہیں اور بہت سے بڑے بڑے واقعات رونما ہوئے ہیں، لیکن رسول اکرم (ص) کی بعثت سے بڑھ کر کوئی واقعہ نہیں ہے اور اس سے بڑے واقعہ کے رونما ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس عالم میں خداوند متعال کی ذات کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عظیم ہستی کوئی نہیں ہے اور آپ کی بعثت سے بڑا واقعہ بھی کوئی نہیں ہے۔ ایک ایسی بعثت کہ جو رسول خاتم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت ہے اور عالم امکان کی عظیم ترین شخصیت اور عظیم ترین الٰہی قوانین کی بعثت ہے۔
حضرت علی علیہ السلام بعثت انبیاء کےبارے میں فرماتے ہیں :اس نے پیغمبروں کو بھیجا، تاکہ اس کے بندے توحید اور صفات خدا کے بارے میں جو کچھ نہیں جانتے، سیکھ لیں اور انکار و عناد سے اجتناب کے بعد خدا کی واحدانیت، ربوبیت اور خالقیت پر ایمان لائیں۔ آپ فلسفہ نبوت کے بارے میں بعض نکات کی طرف اشارہ  فرماتے ہیں۔
1۔ خدا اور انسان کے درمیان ہونے والے عہد و پیمان کی تجدید: آپؑ فرماتے ہیں :{لیستادوا میثاق فطرته} تاکہ وہاں سے فطرت کی امانت کو واپس لیں۔
2۔ خداوند متعال کی نعمتوں کی یاد آوری:{و یذکروهم منسی نعمته} انہیں اللہ کی بھولی ہوئی نعمت یاد دلائیں۔
3۔ خداوند متعال کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانا، تاکہ اس کے ذریعہ اتمام حجت ہوسکے، {ویحتجوا علیهم بالتبلیغ} تاکہ وہ تبلیغ کے ذریعے ان پر اتمام حجت کریں۔
4۔ لوگوں کی عقلوں کو ابھارنا اور انہیں باور کرانا : {و یثیروا لهم دفائن العقول} تاکہ وہ ان کی عقل کے دفینوں کو باہر لائیں۔
5۔ خداوند متعال کی حکمت اور قدرت کی نشانیوں کا مشاہدہ کرانا: تاکہ وہ انہیں قدرت الٰہی کی نشانیاں دکھلائیں، ان کے سروں کے اوپر موجود بلند چھت اور ان کے زیر قدم گہوارے کے ذریعے۔۔۔۔}
6۔ انبیاء کے ذریعے قابل ہدایت افراد پر اتمام حجت کرنا:  اللہ نے انبیاء کو اپنے بندوں پر اپنی حجت بنا دیا، تاکہ بندوں کو یہ بہانہ نہ ملے کہ ان کے عذر کا خاتمہ نہیں کیا گیا ہے۔
قرآن کریم اتمام حجت کے علاوہ مندرجہ ذیل امور کو بھی انبیاء کی بعثت کے اہداف میں شمار کرتا ہے:
1۔ لوگوں کو توحید کی طرف دعوت دینا اور طاغوت سے دور رکھنا: یقیناً ہم نے ہر امت میں ایک رسول بھیجا ہے، تاکہ تم لوگ اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت سے اجتناب کرو۔
2۔ انسانی معاشرے میں عدل و انصاف نافذ کرنا: بےشک ہم نے اپنے رسولوں کو واضح دلائل کے ساتھ بھیجا ہے اور ان کے ساتھ کتاب اور میزان کو نازل کیا ہے، تاکہ لوگ انصاف کے ساتھ قیام کریں۔
3۔ انسانوں کی تعلیم و تربیت: اس خدا نے مکہ والوں میں ایک رسول بھیجا ہے، جو انہی میں سے تھا، تاکہ وہ ان کے سامنے آیات کی تلاوت کرے، ان کے نفوس کو پاکیزہ بنائے اور انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دے۔
4۔ باہمی اختلاف کی صورت میں فیصلہ کرنا: (فطری لحاظ سے) سارے انسان ایک قوم تھے۔ پھر اللہ نے بشارت دینے والے اور ڈرانے والے انبیاء بھیجے اور ان کے ساتھ برحق کتاب نازل کی، تاکہ وہ لوگوں کے اختلافات کا فیصلہ کریں۔
مذکورہ بالا مطالب سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ نبوت انسان کی فردی، اجتماعی، مادی اور معنوی زندگی سے مربوط ہے اور انبیاء کی ہدایت بھی انسان کی زندگی کی تمام جہات کو شامل ہے۔ اگرچہ عقل و حس بھی انسان کی ہدایت میں کردار ادا کرتی ہیں، لیکن حقیقت میں جس طرح انسان عملی و عقلی ہدایت کا محتاج ہے، اسی طرح وحی پر مبنی ہدایت کی بھی ضرورت ہوتی ہے اور ان دونوں ہدایتوں کا سرچشمہ ذات الٰہی ہے، جو انسانوں پر حجت ہے۔ 

Read 786 times