شہید رہبر انقلاب کے چہلم کی مناسبت سے ایران بھر میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں

Rate this item
(0 votes)
شہید رہبر انقلاب کے چہلم کی مناسبت سے ایران بھر میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تبلیغاتی رابطہ کونسل نے ایک اعلامیے میں شہید امت کے چہلم کی تقریبات کا پروگرام جاری کرتے ہوئے ملک کے تمام طبقات سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ ایک اور یادگار منظر رقم کیا جا سکے۔

اعلامیے میں رہبر شہید کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس دلخراش واقعے کو چالیس دن گزر چکے ہیں جب امت مسلمہ نے اپنے ایک عظیم رہنما کی جدائی کا گہرا دکھ برداشت کیا۔

بیان میں آیا ہے، حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی حسینی خامنہ ای، جو امت مسلمہ کے عظیم رہنما، مسلمانوں کے پیشوا، محروم طبقات کے قائد اور استقامت و جدوجہد کی علامت تھے، ایک وحشیانہ حملے میں امریکہ اور صہیونی ریاست کے ہاتھوں شہید ہو گئے اور اپنے رب کے حضور پہنچ گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس عظیم رہنما نے اپنی پوری زندگی حق کے فروغ، اسلامی نظام کے تحفظ اور قوم کی خدمت کے لیے وقف کر دی، جبکہ قوم نے بھی ہر مرحلے پر ان کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کا اظہار کیا اور اب بھی ان کے چہلم کے موقع پر بھرپور شرکت کے ذریعے اپنے عہد کی تجدید کرے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کٹھن وقت میں ایک نئے رہنما کے انتخاب نے قوم کے زخموں پر مرہم رکھا اور معاشرے میں استحکام پیدا کیا۔

دشمن نے یہ گمان کیا تھا کہ قیادت کو نشانہ بنا کر وہ اس مضبوط نظام کو کمزور کر دے گا، تاہم قوم نے ہمیشہ اپنے شہداء کے خون سے نئی طاقت حاصل کی ہے اور یہ اجتماع بھی دشمن کے اس خیال کا بھرپور جواب ثابت ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق بدھ کے روز، جو چہلم کی شب ہوگی، ملک بھر میں رات 8 بجے مساجد، مرکزی چوراہوں اور مزارات پر مجالس، نوحہ خوانی، ذکر اور تلاوت قرآن کی محافل منعقد ہوں گی۔

جمعرات کے روز صبح 9 بجے دارالحکومت تہران میں ریلیاں نکالی جائیں گی جو جمہوریہ اسکوائر سے شروع ہو کر محل شہادت کے قریب اختتام پذیر ہوں گی، جہاں سوگ اور عزاداری کی جائے گی۔

اسی روز رات 9 بجے مختلف مقامات پر امام زمانہ کی سلامتی کی دعا اجتماعی طور پر پڑھی جائے گی۔

جمعہ کے روز نماز جمعہ سے قبل صبح 10 بجے ملک بھر کی عیدگاہوں اور جامع مساجد میں چہلم کی مرکزی تقریبات منعقد ہوں گی، جن میں قرآن خوانی، اجتماعی تلاوت، دعائیں، مرثیہ خوانی، نعت و حمد، اور تقاریر شامل ہوں گی، جبکہ عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اس کے علاوہ 8 سے 10 اپریل تک گھروں میں بھی مجالس کے انعقاد اور سورہ فتح کی اجتماعی تلاوت کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ قوم اور مزاحمتی محاذ کی کامیابی کے لیے دعا کی جا سکے۔

آخر میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی بیداری اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور یہ ثابت کریں کہ وہ اپنے رہبر اور شہداء کے راستے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Read 22 times