سپاہ کے میزائل حملے؛ امریکی انجینئروں اور پائلٹوں کے خفیہ ٹھکانے نشانہ

Rate this item
(0 votes)
سپاہ کے میزائل حملے؛ امریکی انجینئروں اور پائلٹوں کے خفیہ ٹھکانے نشانہ

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ بحری دستوں نے آج سحر کے وقت وعدۂ صادق 4 کے 91ویں مرحلے میں امریکہ اور صہیونی دہشت گردوں سے وابستہ فوجی و بنیادی ڈھانچے کے مراکز کو جنوبی خلیج فارس کے ممالک میں بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

سپاہ کے مطابق یہ کارروائی مبارک رمز "یا صادِقاً لٰا یُخلِفُ" کے ساتھ انجام دی گئی اور اسے انجینئروں اور جہاد کرنے والوں کے نام منسوب کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران دشمن کے فوجی اور انفراسٹرکچر اہداف پر بڑی تعداد میں قدیر بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ تباہ کن ڈرونز کے ذریعے شدید حملہ کیا گیا۔

سپاہ کے بیان کے مطابق اس آپریشن میں شمالی بحر ہند میں موجود امریکی جارح بحری بیڑے آبراہام لنکن کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں اس پر قدیر 380 کے 4 کروز میزائل داغے گئے۔

سپاہ نے مزید بتایا کہ اس کارروائی کے دوسرے مرحلے میں امارات میں دشمن کے ایک اڈے کے باہر موجود امریکی جنگی طیاروں کے پائلٹوں اور فلائٹ انجینئروں کے خفیہ ٹھکانے کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق زمینی اطلاعات اور ایمبولینسوں کی بڑے پیمانے پر آمد و رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حملے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد زیادہ ہے۔

سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ اگلے مرحلے میں امریکی MQ-1 ڈرون یونٹ کے خلاف کویت کے علی السالم اڈے پر بھی شدید حملہ کیا گیا۔

سپاہ نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت اس کے بحری نظاموں کی مسلسل نگرانی میں ہے اور دشمن کی معمولی سی حرکت بھی اللہ کے فضل سے سپاہ کے جوانوں کے فیصلہ کن ردعمل کا سبب بنے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں آمد و رفت کی صورتحال میں پیدا ہونے والی بے امنی، امریکہ کی جارحانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔

Read 56 times