امریکی زمینی فوج آئی تو "شارک کی خوراک" بنے گی، ایران کی تباہ کن نتائج کی دھمکی

Rate this item
(0 votes)
امریکی زمینی فوج آئی تو "شارک کی خوراک" بنے گی، ایران کی تباہ کن نتائج کی دھمکی

 خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے ایران پر زمینی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اقدام امریکی افواج کے لیے شدید ذلت آمیز نتائج کا باعث بنے گا اور انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زمینی کارروائیوں اور خلیج فارس کے جزائر پر قبضے سے متعلق بار بار دی جانے والی دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ منصوبوں کو حقیقت سے عاری قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی قیادت نے فوج کی کمان ایسے فرد کے سپرد کر دی ہے جس کے فیصلوں نے امریکی افواج کو بدترین دلدل میں دھکیل دیا ہے اور خطے میں موجود امریکی فوجیوں کو روزانہ کی بنیاد پر سنگین خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی افواج تباہ شدہ اڈوں سے پسپا ہو چکی ہیں اورعلاقائی ممالک کے شہری و معاشی مراکز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، اس کے باوجود وہ اب بھی ایرانی حملوں سے محفوظ نہیں ہیں۔

ابراہیم ذوالفقاری نے زمینی حملے سے متعلق خبروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی افواج طویل عرصے سے اس طرح کی صورت حال کے لیے تیار اور جواب دینے کے لیے منتظر ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی جارحیت یا قبضے کی کوشش کی صورت میں حملہ آور افواج کو گرفتاری اور مکمل تباہی جیسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکی کمانڈرز اور فوجی بالآخر خلیج فارس میں شارک مچھلیوں کی خوراک بن جائیں گے۔

امریکی قیادت پر زور دیتےہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایران کی تاریخ کا مطالعہ کریں اور ماضی میں غیر ملکی حملہ آوروں کے ساتھ ہونے والے تجربات سے سبق سیکھیں اور خبردار کیا کہ غلط فیصلے امریکی افواج کے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا سبب بن سکتے ہیں۔

ابراہیم ذوالفقاری نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی عملی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

Read 24 times