روضہ بی بی زینب کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے، آفتاب بخاری

Rate this item
(0 votes)

روضہ بی بی زینب کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہا دینگے، آفتاب بخاری

انجمن طلباء اسلام پاکستان کے مرکزی صدر آفتاب عظیم بخاری نے کہا ہے کہ مزارات صحابہ اور مزارات اولیاء کے تحفظ کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے، حضرت بی بی زینب رضی اللہ عنہا کا روضہ مبارک ہماری عقیدتوں کا محور ہے، ہم اس کے تحفظ کیلئے خون کا آخری قطرہ تک نچھاور کردیں گے، مزار اقدس پر حملہ کرنے والے مسلمان کہلوانے کے لائق ہی نہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام کے غیور نوجوان اہل بیت اطہار و صحابہ کرام کے مزارات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت زنیب رضی اللہ عنہا کے مزار پر راکٹوں سے حملہ قابل مذمت ہے، وزارت خارجہ اس افسوسناک واقعہ پر احتجاج کرے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام پاکستان کے تحت حضرت بی بی زینب رضی اللہ عنہا کے مزار پر حملے کے خلاف ملک بھر میں کل احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد تنویر شاہد نے اس موقعہ پر شام میں حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے مزار پر راکٹ حملوں کیخلاف منعقدہ احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحے پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شامی حکومت کیخلاف شروع ہونیوالی بغاوت کو اسلام دشمنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، شام میں امریکہ اور اسرائیل کی ایما پر مقامات مقدسہ پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے مزار پر راکٹوں سے حملہ فسطائیت کی بدترین مثال ہے، مزار پر دہشت گردوں کے حملوں کے خلاف انجمن طلباء اسلام پاکستان ہر سطح پر احتجاج کرے گی اور حکومت پاکستان سے انجمن طلباء اسلام مطالبہ کرتی ہے کہ سرکاری سطح پر بھی اس معاملے کو لازمی اُٹھایا جائے، کیونکہ یہ بھی اسلام کیخلاف کھلم کھلا دہشت گردی ہے۔

Read 1383 times