جنیوا معاہدہ سے خطہ میں امن قائم ہوگا، علامہ سید ساجد علی نقوی

Rate this item
(0 votes)

جنیوا معاہدہ سے خطہ میں امن قائم ہوگا، علامہ سید ساجد علی نقوی

جنیوا معاہدہ سے خطہ میں امن قائم ہوگا، علامہ سید ساجد علی نقوی

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے جنیوا معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و استحکام مذاکرات کے ذریعے قائم ہوسکتا ہے، معاہدے سے خطہ میں امن قائم ہوگا، پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر توانائی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمہوری ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ہونیوالے جنیوا معاہدہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا معاہدہ نہ صرف خوش آئند اقدام ہے بلکہ اس معاہدے سے خطے میں امن قائم ہوگا اور طویل عرصے سے جاری جمود کا خاتمہ بھی ممکن ہوسکے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور جنگ و جدل کا نہیں بلکہ مذاکرات کا ہے اور ٹیبل ٹاکس کے ذریعے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاہدے کے بعد خطہ میں جو کشیدگی یا تشویش پائی جاتی تھی، اس کے اثرات بھی کسی حد تک کم ہوجائینگے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اس وقت توانائی بحران کا شکار ہے جبکہ دونوں ممالک میں طے پانے والا معاہدہ نہ صرف غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے بلکہ پاکستان کو اس وقت توانائی کے متبادل ذرائع کی ضرورت ہے، اس لئے اس معاہدہ کو حتمی شکل دی جائے، تاکہ ملک میں توانائی کا بحران ختم ہوکر خوشحالی کا دور آسکے اور عوام کی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس لوڈ مینجمنٹ سے جان چھوٹ سکے۔

Read 1559 times