اہلسنت لاوارث نہیں، ثروت اعجاز قادری

Rate this item
(0 votes)

اہلسنت لاوارث نہیں، ثروت اعجاز قادری

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہل سنت لاوارث نہیں ہیں، حکومت نام نہاد طالبان دہشت گردوں کو لگام دے، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم قانون ہاتھ میں لیں، گلشن معمار میں حضرت ایوب شاہ بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر خدمات انجام دینے والوں کا بیہمانہ قتل فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کے ساتھ حکومت و انتظامیہ کی ناکامی ہے، اگرحکومت نام نہاد طالبان کو لگام نہیں دے سکتی تو مزارات کی حفاظت سروں پر کفن باندھ کر کریں گے، ہماری پرامن پالیسی اور حب الوطنی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت ایوب شاہ بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار میں خدمت گاروں کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مزارات پر حملے اور قتل و غارت گری کرنے والے بتائیں کہ وہ اسلام کی کونسی خدمت کر رہے ہیں، نام نہاد طالبان دہشتگرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام اور پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کرنے کے درپے ہیں، حکومت دہشت گردوں کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرے، آئین کے برخلاف دہشت گردوں سے مذاکرات کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد طالبان دہشت گرد اپنا بناوٹی مذہب طاقت کے بل بوتے پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سنی تحریک دہشت گردوں اور اسلام مخالف قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حضرت ایوب شاہ بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر خدمت گاروں کے بے رحمانہ قتل کا نوٹس لے اور قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔

.......

Read 1250 times