کراچی: خوفناک بم دھماکہ، اعلیٰ پولیس افسر مارے گئے

Rate this item
(0 votes)

کراچی: خوفناک بم دھماکہ، اعلیٰ پولیس افسر مارے گئے

چوہدری اسلم کے کانوائے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری کے قبرستان کے پاس سے گذر رہے تھے۔ سی آئی ڈی کراچی کے ایڈیشنل آئی جی اقبال محمود نے بھی چوہدری اسلم کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں ایک خطرناک بم دھماکے کی خبر موصول ہوئی اور علاقے پر دھویں کے بادل چھا گئے۔ جس کے بعد پولیس اور مقامی اخبارات نے اس دھماکے میں لیاری آپریشن کے مرکزی کردار اور ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مارے جانے کی اطلاع دی ہے۔ چوہدری اسلم آج صبح منگھوپیر کے علاقے میں دہشتگرد تحریک طالبان گروہ کے خلاف آپریشن کے بعد پریس کانفرنس سے واپس آ رہے تھے۔

واضح رہے کہ اس آپریشن میں تحریک طالبان پاکستان کے تین دہشتگرد مارے گئے اور پولیس نے اس آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بر آمد کر لیا۔ چوہدری اسلم نے اپنی زندگی کی آخری پریس کانفرنس میں آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ یہ دہشتگرد آٹھ محرم کے جلوس عزا پر حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔

Read 1315 times