صہیونی حکومت کے جرائم کا واحد علاج اس حکومت کا خاتمہ ہے/ یوم القدس کو دنیا فلسطین کے تئیں ایران کے جذبے کو دیکھے گی

Rate this item
(0 votes)

صہیونی حکومت کے جرائم کا واحد علاج اس حکومت کا خاتمہ ہے/ یوم القدس کو دنیا فلسطین کے تئیں ایران کے جذبے کو دیکھے گی

ارنا کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی شام ایران کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں غزہ کے عوام کے خلاف صہیونی حکومت کے حالیہ جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ انسانی تصور سے بالاتر یہ جرائم، درحقیقت صہیونی حکومت کی بھیڑیا صفت اور بچوں کی نسل کشی پر مبنی طینت کا حصہ ہے اور اس کا علاج صرف صہیونی حکومت کی نابودی اور اس کا خاتمہ ہے، البتہ اس وقت فلسطینیوں کی ٹھوس اور مسلح مزاحمت اور غرب اردن میں اس کی توسیع اس وحشی حکومت کے مقابلے کی تنہا راہ ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا غزہ کے مظلوم عوام کو اس وقت جن مصائب کا سامنا ہے وہ اس غیرقانونی و جعلی صہیونی حکومت کی 66 سالہ عمر میں وحشیانہ جارحیت پر مبنی پالیسی کا حصہ ہے اور غاصب صہیونی حکومت متعدد بار بڑی ڈھٹائی کے ساتھ اس قسم کی گستاخیاں انجام دیتی رہی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کے اس ارشاد کہ جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ اسرائیل کو حتمی طور پر صفحہ ہستی سے مٹ جانا چاہیے، کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ البتہ اسرائيل کی نابودی اس علاقے سے یہودی عوام کی نابودی کے معنی میں نہیں ہے بلکہ اس کے لئے منطقی اور عملی کام کی ضرورت ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران نے اس حوالے سے راہ حل عالمی اداروں میں پیش کیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مزید فرمایا اس کام کے لئے ضروری ہے کہ اس علاقے میں زندگی بسر کرنے والے عوام اور وہ افراد کہ جن کا تعلق اس علاقے سے ہے، وہ اپنی من پسند حکومت کے لئے ایک ریفرنڈم کا اعلان کریں اور اس کے ریفرنڈم کے ذریعے غاصب و جعلی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے جنگ بندی کے لئے صہیونیوں کی کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایسی حکومت کہ جو انسان کے تصورات سے بالاتر جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے، فلسطینیوں کی طاقتور مزاحمت کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے اور کسی بھی راہ حل کے درپے ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صہیونی صرف اور صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے غزہ کے عوام کی سیاسی حمایت کو تمام مسلمان و غیرمسلمان قوموں کی ذمہ داری قرار دیا اور تاکید کی انشاءاللہ یوم القدس کو دنیا ملت ایران کے عظیم الشان جوش و ولولے کا مشاہدہ کرے گی اور ملت ایران ثابت کرے گی کہ فلسطین کی حمایت کا جذبہ، اس اسلامی سرزمین میں اپنی پوری طاقت و توانائی کے ساتھ موجود ہے۔

حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عالمی سامراج اور ان میں سرفہرست امریکہ کی جانب سے صہیونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات اور ظلم و بربریت کی حمایت اور غزہ کے عوام کے خلاف ان وحشیانہ جرائم کی حمایت اور دفاع کیے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے فرمایا کہ چند مغربی حکومتیں خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ کی خبیث حکومتیں ایسے جرائم کہ جن کو کوئی بھی انسان قبول نہیں کرسکتا، کا دفاع اور حمایت کررہی ہیں اور امریکی صدر بے شرمانہ طریقے سے کہتا ہے کہ اسرائیل اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ غزہ کے مظلوم عوام پر روا رکھی جانے والی بربریت کے حوالے سے تسط پسندوں کے رویّے سے نشاندہی ہوتی ہے کہ یہ لوگ انسانی حقوق اور انسانیت پر سرے سے اعتقاد ہی نہیں رکھتے ہیں اور آزادی و انسانی حقوق کے بارے میں جو کچھ کہتے ہیں وہ آزادی و انسانی حقوق کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

Read 1409 times