امریکہ کا رعب و دبدبہ ختم /خطے میں امریکہ کے تمام فوجی اڈے ایران کے نشانے پرہیں

Rate this item
(0 votes)
امریکہ کا رعب و دبدبہ ختم /خطے میں امریکہ کے تمام فوجی اڈے ایران کے نشانے پرہیں

 ایرانی سپاہ کی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ  عین الاسد میں امریکی ایئر بیس پر ایران کے میزائل حملے امریکہ کے لئے تباہ کن ثابت ہوئے، ایران نے امریکہ کا رعب و دبدبہ ختم کردیا ہے خطے میں امریکہ کے تمام فوجی اڈے ایرانی میزائلوں کے نشانے پر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے بغداد ايئر پورٹ کے قریب شہید حاج قاسم سلیمانی کو بزدلانہ طریقہ سے شہید کرکے تاریخی غلطی کا ارتکاب کیا ہے ، امریکہ کی یہ اسٹراٹیجک  غلطی ہے جس کی بنا پر خطے سے امریکہ کا خاتمہ ہوجائےگا  اور امریکہ نے اپنے اس دہشت گردانہ اقدام سے خطے میں اپنے ہزاروں فوجیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے ابھی شہید سلیمانی کے پاک اور ناحق خون کا بدلہ نہیں لیا ابھی ہم نے اپنی پہلی جھلکی دکھائی ہے اگر امریکہ خطے سے نکل گیا تو ٹھیک، ورنہ ہم  اسے خطے سے نکال کر دم لیں گے اور اس خطے سے امریکہ کا اخراج ہی شہید سلیمانی کے پاک خون کا اصلی بدلہ ہوگا۔

جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ہم نے پوری صورتحال کا محاسبہ کرتے ہوئے عراق میں امریکہ کے ايئر بیس عین الاسد کو میزائلوں سے نشانہ بنایا اور ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوگئے اور ہم نے ہدف کوپہلے ہی حملے میں مکمل طور پر تباہ کردیا۔

جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ امریکہ کے صدر ٹرمپ کا بیان امریکی اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لئے ہے اگر امریکی صدر اپنے اس بیان میں سچے ہیں کہ ایرانی میزائل حملے میں امریکہ کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا تو صحافیوں کو وہاں جانے کی اجازت دیں پھر سچ اور جھوٹ کا سب کو پتہ چل جائےگا۔

انھوں نے کہا کہ عین الاسد میں امریکی ڈرون، ہیلی کاپٹر اور دیگر جنگی وسائل مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ امریکیوں نے اپنے فوجیوں کے جنازوں اور زخمی فوجیوں کو اسرائیل اور بعض دیگر اتحادی ممالک میں منتقل کیا ہے ۔ جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ خطے میں ایک نئی روح اور نیا عزم پیدا ہواہے۔ جس طرح حزب اللہ اور حماس نے اسرائیل کی طاقت کا طلسم توڑ دیا اسی طرح  ایران نے امریکہ کی طاقت کے طلسم کو توڑدیا ہے ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن ہم خطے میں امریکی موجودگی کے بھی خلاف ہیں ۔ امریکہ خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ امریکہ علاقائي ممالک اور عالمی قوانین کو توڑ رہا ہے۔

جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ہم نے میزائل حملوں کے علاوہ دشمن پر سائیبر حملہ بھی کیا اور ان کے ڈرون طیاروں کا کنٹرول ان کے ہاتھوں سے چھین لیا اور ہمارے اس اقدام سے امریکیوں پر مزيد خوف و ہراس طاری ہوگیا۔ ہم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگر امریکہ نے مزید کسی شرارت کا ارتکاب کیا تو ہمارا اگلا جواب بہت ہی سخت اور دنداں شکن ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں امریکہ کے تمام سنگین جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ اسرائیل کے ہاتھ فلسطینی، لبنانی، شامی، عراقی اور یمنی مسلمانوں کے خون سےر نگین ہیں لہذا ہم اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔

جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ ہم کسی کو قتل کرنےکی تلاش و کوشش میں نہیں ، بہرحال اس حملے میں درجنوں امریکی فوجی مارے گئے ہیں ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ انھوں نے بڑی تعداد میں زخمی فوجیوں کو اسرائل منتقل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ پہلے ہی حملے میں خوفزدہ ہوگیا اور اس نے جوابی حملہ نہیں کیا ورنہ ہم تو 48 گھنٹوں میں 5 ہزار امریکی فوجیوں کی لاشیں ان کے ہاتھ پر رکھتے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور خطے کی عافیت اسی میں ہے کہ امریکہ اس خطے سے نکل جائے ۔ جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ امریکہ دوسرے ممالک کو صرف رعب و دبدبہ اور دھونس سے مرعوب کرلیتا ہے لیکن وہ ایران کے ساتھ ایسا نہیں کرسکتا کیونکہ ایران ایک بڑا اور با عزت ملک ہے اور ایران امریکی دھونس میں آنے والا نہیں۔ ہمارا اللہ تعالی کی ذات پر پختہ ایمان ہے ہم کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کریں گے لیکن ہم کسی کی زیادتی کو برداشت بھی نہیں کریں گے۔ہم پر فوجی حملہ کیا گیا ہے ہمارے عظیم جنرل کو شہید کیا گیا ہے ہم ابھی پہلا قدم اٹھایا ہے۔

Read 1015 times