امریکہ و غاصب صیہونی رژیم پر انتہائی سخت دن آنیوالے ہیں، جنرل اسمعیل قاآنی

Rate this item
(0 votes)
امریکہ و غاصب صیہونی رژیم پر انتہائی سخت دن آنیوالے ہیں، جنرل اسمعیل قاآنی
عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسمعیل قاآنی نے بحر اوقیانوس پر واقع امریکی بحریہ کے اڈے "سین ڈیاگو" پر جلتے امریکی جنگی بحری بیڑے "یو ایس ایس بونہام رچرڈ" کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو کچھ امریکہ میں وقوع پذیر ہو رہا ہے، خصوصاً امریکہ کا جلتا جنگی بحری بیڑہ، امریکی حکومت کے اعمال اور جرائم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الہیٰ وعدہ ہے کہ جو بھی ظلم و بربریت سے کام لے گا، اسے بالآخر الہیٰ عذاب سے دوچار ہونا پڑے گا۔ ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر نے کہا کہ انہوں (امریکیوں) نے چونکہ کلامِ الہیٰ کو جھٹلایا ہے اور ظلم و تعدی سے کام لیتے ہوئے انسانیت کے خلاف جرائم انجام دیئے ہیں، اب الہیٰ قہر و غضب کا شکا ہوچکے ہیں۔

ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسمعیل قاآنی نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ امریکی بے جا طور پر (اس حادثے کے) ذمہ داروں کا کھوج نہ لگائیں اور دوسروں کو قصوروار بھی نہ ٹھہرائیں، کیونکہ (امریکی جنگی بحری بیڑے کو لگی) یہ آگ انہوں نے اپنے ہاتھوں سے ہی بھڑکائی ہے، جس نے اب انہیں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ جنرل قاآنی نے کہا کہ امریکیوں کو کہا جانا چاہیئے کہ پیش آنے والا یہ حادثہ تمہارے اپنے جرائم کا نتیجہ ہے، جبکہ یہ حادثہ بھی خود تمہارے ہی چیلوں کے ذریعے وقوع پذیر ہوا ہے۔ انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمہارے ہی ہاتھوں سے تمہیں سزا دے رہا ہے۔

ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کی ذیلی بریگیڈ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسمعیل قاآنی نے امریکی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاحال تمہارے خوشی کے دن چل رہے ہیں، جبکہ بہت جلد تمہارے اوپر سختی کے دن آنے والے ہیں، جن میں تمہیں اور غاصب صیہونی رژیم (اسرائیل) کو شدید حادثات کے ساتھ روبرو ہونا پڑے گا۔ جنرل اسمعیل قاآنی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکی فوج اب تھک کر فرسودہ اور اس کا فوجی سازوسامان لوہے کے کباڑ میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدتوں سے امریکی بحریہ کے کمانڈرز یہ کہتے چلے آرہے ہیں کہ امریکی جنگی بحری بیڑے اب لوہے کے کسی ڈھیر سے بڑھ کر کچھ نہیں رہے۔ سپاہ قدس کے کمانڈر نے کہا کہ امریکہ کو اپنی ناگفتہ بہ صورتحال کو قبول کرتے ہوئے انسانیت پر مزید ظلم و ستم ڈھانے سے ہاتھ کھینچ لینا چاہیئے۔
 
 
 
Read 947 times