اتحاد امت کے داعی آیت اللہ تسخیری کی رحلت عالم اسلام کا ایک بڑا نقصان ہے، ملی یکجہتی کونسل

Rate this item
(0 votes)
اتحاد امت کے داعی آیت اللہ تسخیری کی رحلت عالم اسلام کا ایک بڑا نقصان ہے، ملی یکجہتی کونسل

برادر اسلامی ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے دینی و مذہبی اسکالر اور عالمی سطح کے بلند پایہ رہنماء آیت اللہ محمد علی تسخیری کے انتقال پر ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، مرکزی قائدین علامہ سید ثاقب اکبر، پیر ہارون علی گیلانی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر صفدر شاہ گیلانی، مفتی گلزار احمد نعیمی، حافظ زبیر احمد ظہیر، علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر شیرازی، علامہ مقصود سلفی اور دیگر راہنمائوں نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم رہنماء بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کے قریبی ساتھی، اتحاد امت کے داعی اور پوری امت اسلامیہ کا درد رکھنے والی شخصیت تھے۔

انھوں نے عالم اسلام کے بہت سے تنازعات میں مصلح کا کردار ادا کیا۔ وہ ایک عرصے تک ایام حج میں بھی خدمات انجام دیتے رہے، وہ کئی مرتبہ پاکستان بھی تشریف لائے۔ ملی یکجہتی کونسل کے قائدین، علمائے کرام اور دیگر شخصیات سے ان کے قریبی روابط تھے۔ وہ کونسل کے مرحوم صدر قاضی حسین احمد کے بھی قریبی دوست تھے۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ کونسل کے قائدین نے اسلامی جمہوریہ ایران کے روحانی رہبر آیت اللہ خامنہ ای، حکومت، عوام اور ان کے محترم خاندان سے اس غم کے موقع پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

Read 843 times