مظلوم فلسطینی قوم کی پیٹھ میں آل خلیفہ کا دوسرا خنجر

Rate this item
(0 votes)
مظلوم فلسطینی قوم کی پیٹھ میں آل خلیفہ کا دوسرا خنجر

متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین پر قابض آل خلیفہ رژیم نے بھی فلسطین کاز اور مظلوم فلسطینی قوم کے پیٹھ میں دوسرا خنجر گھونپ دیا ہے۔ البتہ بحرینی حکومت کا یہ اقدام پہلے سے متوقع تھا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ منامہ ریاض کی کٹھ پتلی حکومت تصور کی جاتی ہے اور وہ سعودی حکمرانوں کی جانب سے ملنے والے احکامات کی بلا تاخیر اور مکمل اطاعت اپنا پہلا فرض تصور کرتی ہے۔ عرب ممالک کے ساتھ اسرائیل کے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی مہم کافی عرصہ پہلے آل سعود رژیم کی جانب سے شروع کی جا چکی تھی۔ اسی مہم کے نتیجے میں اب بحرین بھی متحدہ عرب امارات کے بعد اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھانے والا دوسرا عرب ملک قرار پایا ہے۔
 
آل خلیفہ رژیم کا یہ اقدام درحقیقت اگلے عرب ملک یعنی سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کا مقدمہ تصور کیا جا رہا ہے۔ آل سعود رژیم اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کیلئے بانہیں پھیلانے کیلئے لمحہ شماری کر رہی ہے تاکہ غاصب صہیونی حکمران کھل کر خلیجی ریاستوں میں اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنا سکیں۔ اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ بنجمن نیتن یاہو، ڈونلڈ ٹرمپ، محمد بن زاید اور محمد بن سلمان بحرین کے حکمران حمد بن خلیفہ آل ثانی کو اس بات پر قانع کر چکے ہیں کہ اسے بھی اسرائیل سے دوستی کے نتیجے میں وہی مراعات حاصل ہوں گی جو متحدہ عرب امارات کو حاصل ہوئی ہیں۔
 
لیکن بحرین کے حکمران اس تلخ حقیقت سے غافل ہیں کہ بحرین کی صورتحال متحدہ عرب امارات سے یکسر مختلف ہے۔ اس کی متعدد وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ بحرین کی عوام ایک عرصے سے حکمران رژیم کے خلاف برسرپیکار ہے۔ بحرینی عوام کی اس انقلابی تحریک کو کچلنے کیلئے آل خلیفہ رژیم سعودی عرب اور دیگر ممالک سے کرائے کے فوجی اور قاتل منگوانے پر مجبور ہو چکی ہے۔ لیکن تمام تر آمریت اور بربریت کے باوجود بحرینی قوم پوری شجاعت اور استقامت کے ساتھ میدان میں حاضر ہے اور ڈکٹیٹر حکمرانوں کے خلاف عوامی احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں۔ بحرینی عوام یہ ثابت کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں کہ آل خلیفہ رژیم امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے ہاتھ میں ایک کٹھ پتلی کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں رکھتی اور ذرہ برابر عوامی محبوبیت کی حامل نہیں ہے۔
 
اگر اسرائیلی حکمران یہ تصور کرتے ہیں کہ بحرینی حکمرانوں کے ساتھ دوستی قائم کرنے سے وہ بحرینی عوام میں بھی جگہ بنا لیں گے تو یہ ان کی شدید غلط فہمی ہے کیونکہ بحرینی عوام شدت سے فلسطین کاز اور مظلوم فلسطینی قوم کے حامی ہیں۔ اگرچہ آل خلیفہ رژیم نے پارلیمنٹ میں سینکڑوں کٹھ پتلی اراکین بٹھا کر خود کو بحرینی عوام کا نمائندہ ظاہر کیا ہوا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بحرین کے حقیقی عوام وہ لاکھوں افراد ہیں جو گذشتہ دس برس سے ان ظالم حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر موجود ہیں اور سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ بحرین کا متحدہ عرب امارات سے مختلف ہونے کی دوسری وجہ اسرائیلی حکمرانوں کی نظر میں اس کی حیثیت ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اپنی وزارت عظمی کی کرسی بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ عرب ممالک کو ساتھ ملانے کی کوشش میں مصروف ہے۔
 
بنجمن نیتن یاہو کی نظر میں بحرین کی حیثیت صرف اسی حد تک ہے کہ اسرائیل کی دوستی پر راضی کئے گئے عرب ممالک کی تعداد ایک سے بڑھ کر دو ہو گئی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کیلئے درپیش سیاسی بحران سے باہر نکلنے کیلئے اسی حد تک کافی ہے اور اس سے بڑھ کر بحرینی حکمرانوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ تیسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ کیا آل خلیفہ رژیم اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی محتاج اور ضرورت مند تھی؟ سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس اقدام کا واحد مقصد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاسی موت سے نجات دلانا ہے۔ نیتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ الیکشن میں کامیابی کیلئے شدت سے بعض ایسے اقدامات کے محتاج تھے جنہیں وہ اپنی خارجہ پالیسی میں بڑی کامیابی کے طور پر ظاہر کر کے پیش کر سکیں۔
 
متحدہ عرب امارات اور بحرین پر مسلط حکمرانوں نے جان کی بازی لگا کر ڈونلڈ ٹرمپ اور بنجمن نیتن یاہو کو اندرونی سیاست میں کامیابی کیلئے مدد فراہم کی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آل خلیفہ رژیم کے اس اقدام کے بعد بحرین میں جاری عوامی انقلابی تحریک میں مزید شدت آئے گی اور اس کا نتیجہ آل خلیفہ رژیم کے زوال کی صورت میں ظاہر ہو گا۔ بحرین کی باغیرت قوم ہر گز اپنے حکمرانوں کی یہ غداری برداشت نہیں کرے گی۔ دوسری طرف فلسطین کے تمام محب وطن گروہ اب اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ انہیں قدس شریف کی آزادی 

کیلئے عرب حکمرانوں سے کوئی امید وابستہ نہیں رکھنی چاہئے۔ اسی احساس کے ساتھ وہ آپس میں متحد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اس اصولی موقف کی حقانیت کو بھانپ چکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل مسلح جدوجہد اور اسلامی مزاحمت ہے۔

Read 915 times