ملکی امن و امان "دفاع مقدس" کا مرہون منت ہے، ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائیگا، آیت اللہ خامنہ ای

Rate this item
(0 votes)
ملکی امن و امان "دفاع مقدس" کا مرہون منت ہے، ہر جارحیت کا دندان شکن جواب دیا جائیگا، آیت اللہ خامنہ ای

امریکہ، برطانیہ و جرمنی سمیت دنیا بھر کے 40 سے زائد ممالک کے حمایت یافتہ عراقی آمر صدام حسین کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ میں ایران کے فتحیاب ہونے کے سلسلے میں ہر سال "ہفتہ دفاع مقدس" منایا جاتا ہے۔ اس حوالے سے قوم سے ویڈیو خطاب کے دوران ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتحیابی پر مبنی کی یہ حقیقت، امام خمینیؒ کی حیرت انگیز کمان، ملکی دفاع میں معاشرے کے ہر طبقے کی ہمہ جہت شرکت اور مجاہدین کے عقلمندی پر مبنی اقدامات کی مرہون منت ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ کے پیاسے عراقی آمر صدام حسین کو امریکہ سمیت بڑی طاقتوں کا آلۂ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم کے خلاف برسرپیکار اصلی فریق؛ اسلامی انقلاب سے نقصان اٹھانے والا امریکہ، خطے میں ایک نئی اسلامی-ایرانی پاور کے اُبھرنے سے خوفزدہ طاقتیں، نیٹو اور مشرقی و مغربی ممالک تھے، جنہوں نے صدام حسین کو حملے پر اکسایا تھا، تاکہ وہ (نوظہور) اسلامی انقلاب کو تہس نہس کر ڈالے۔

ایرانی سپریم لیڈر نے ایران پر جنگ مسلط کئے جانے سے قبل صدام حسین اور امریکہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتوں سے متعلق منظر عام پر آنے والی دستاویزات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر مسلط کی جانے والی جنگ کے دوران بھی مغربی 

و مشرقی ممالک کی فوجی، اطلاعاتی اور مالی مدد امارات، کویت، سعودی عرب اور دوسرے رَستوں سے جارح صدام حسین کو ملتی رہی۔ انہوں نے جنگ کے آغاز سے لے کر دفاع مقدس کے اختتام تک جاری رہنے والی امام خمینیؒ کی قیادت کو انتہائی حساس و حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ نے جنگ کے آغاز سے ہی پیش آنے والے پیکار کی وسعت کو پہچان لیا اور اپنی حیرت انگیز دوراندیشی کے ذریعے اعلان کیا کہ یہ جنگ دو ہمسایہ ممالک کی جنگ نہیں بلکہ اسلامی انقلاب اور ایرانی قوم کے دشمنوں نے صدام حسین کی اوٹ میں اسلامی نظام حکومت کے خلاف صف آرائی کر رکھی ہے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کے شروع میں مسلط کی جانے والی بھیانک جنگ کو صلاحیتوں کے نکھرنے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میدان میں عوام کی وسیع شرکت سے انتہائی اہم استعدادیں وجود میں آئی ہیں، مثال کے طور پر کرمان کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والا معمولی سا نوجوان "حاج قاسم سلیمانی" بن گیا یا ایک جوان فوجی افسر شہید صیاد شیرازی اور شہید بابائی جیسا تجربہ کار اور طاقتور کمانڈر بن گیا اور ایک سادہ سا خبرنگار محاذ جنگ پر پیش آنے والے حوادث کے سبب شہید باقری جیسے اطلاعات کے ماہر میں بدل گیا۔ انہوں نے ملکی امن و امان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں سے حاصل ہونے 

والا ایک انتہائی قیمتی سرمایہ "امن و امان" ہے، جو "دفاع مقدس" کی برکت سے حاصل ہوا ہے، کیونکہ ایرانی قوم کے دفاع نے ثابت کر دکھایا ہے کہ اس ملک کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے کی قیمت بہت زیادہ ہے اور ہر جارح طاقت دندان شکن جواب سے دوچار ہوگی، بنابرایں جارح قوتوں کو ہر اقدام سے قبل سوچنا پڑتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے خود اعتمادی اور تکنیکی و سائنسی ایجادات کی جانب بڑھتے قدموں کو "دفاع مقدس" کا ایک اور ثمر قرار دیا اور کہا کہ اُس وقت جب ایرانی شہر دشمن کے میزائلوں کا نشانہ بن رہے تھے، کوئی ملک ہمیں میزائل یا دوسرا فوجی ساز و سامان دینے کو تیار نہیں تھا جبکہ اسی دوران شہید طہرانی مقدم اور ان کے دوست و احباب کی جانب سے میزائل کی ایرانی صنعت کی بنیاد رکھ دی گئی اور آج کی ایرانی میزائل پاور اسی خود اعتمادی اور اس زمانے کی علمی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بظاہر ناممکن کاموں کو انجام دینے کی جرأت اور ملکی انسانی سرمائے کے فروغ کو دفاع مقدس کا ایک اور نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ دفاعِ مقدس کے اس انسانی سرمائے کا ایک واضح نمونہ شہید (قاسم) سلیمانی ہیں، جو خطے کے اندر سفارتکاری کے حیرت انگیز کارنامے انجام دیا کرتے تھے جبکہ دنیا تاحال ان کی وسیع سرگرمیوں کے بارے بطور کافی معلومات نہیں رکھتی۔

آیت اللہ خامنہ 

ای نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ایک خوفناک و پرتشدد چیز کا نام ہے، تاہم اپنی تمام مشکلات اور نقصانات کے باوجود، دفاعِ مقدس ایرانی قوم کے لئے مختلف قسم کی برکتوں، بشارتوں، ترقیوں اور تازگیوں کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے حرم کا دفاع کرنے والے مجاہدین کو دفاع مقدس کی برکتوں اور نئی نسل کے اندر جہادی جذبے کے تسلسل کا ایک نمونہ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی، شامی، عراقی، لبنانی اور افغانی اقوام سمیت دنیا بھر کی مختلف قوموں کا صفِ واحد میں آجانا ہمارے زمانے کی حیرت انگیز حقیقتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں منحوس کرونا وائرس کے وسیع پھیلاؤ اور اس کے باعث ہونے والی وسیع اموات پر اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک مرض کا علاج خود عوام کے ہاتھ میں اور مناسب فاصلے کی رعایت، ماسک کے استعمال اور مسلسل ہاتھ دھونے جیسی احتیاطی تدابیر میں مضمر ہے۔ رہبر انقلاب نے جاری سال کے دوران اربعین حسینیؑ کے حوالے سے کہا کہ ایرانی قوم حضرت امام حسینؑ اور زیارتِ اربعین کی عاشق ہے، تاہم چہلم واک صرف اور صرف ماہرین کی رائے پر ملتوی کی گئی ہے جبکہ ہم سب کو (ماہرین کا) مطیع و فرمانبردار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اربعین سید الشہداء علیہ السلام کی زیارت گھروں میں پڑھی جائے۔

Read 772 times