عید الفطر کو سادگی اور تجدید عہد القدس کے طور پر منائیں، علامہ ساجد نقوی

Rate this item
(0 votes)
عید الفطر کو سادگی اور تجدید عہد القدس کے طور پر منائیں، علامہ ساجد نقوی

،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا کہ مختلف مذاہب ، معاشروں، تہذیبوں اور خطوں میں عید کا تصور مختلف اور جدا ہے جس کے بعض پہلووں سے اتفاق اور بعض سے اختلاف کیا جا سکتا ہے اگرچہ عید کا عمومی اور دنیاوی تصور فقط خوشی‘ نشاط‘ سرگرمی‘ گرمجوشی اور مسرت کے ساتھ مربوط نظر آتا ہے۔لیکن اسلام میں عید کا تصور قدرے حسین ، مسحور کن ، جاذب اور دنیوی و اخروی لحاظ سے فائدہ مند بنایا گیا ہے ۔مسلمانوں کے ہاں عید کے موقع پر بھر پور زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے خداتعالی کی عبودیت اور اس کی نعمات کا شکر ادا کیا جاتا ہے اور ایسے امور سے مکمل پرہیز اختےار کرنے کا عہد کیا جاتا ہے جنہیں حرام قرار دیا گیا ہے۔ مومن کے لئے ہر وہ دن روز عید قرار پایا ہے جس روز وہ معصیت خدا نہ کرے۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عید کا دن اپنے محاسبے اور احتساب کا دن ہے۔ اس روز اگر ہم اپنے گذشتہ سال کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا جائزہ لیں اور اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کریں تو ہم خود احتسابی کا عمل جاری کرکے اپنی ذاتی اور معاشرتی اصلاح کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں اور پھر دنیا کو حسین جنت بناسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سمیت عالم اسلام اس بار عید الفطر ایسے عالم میں منا رہا ہے جب اسے ایک وبائی مرض کا سامنا ہے جس کا مقابلہ طبی حوالوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ممکن ہے اور اسی طرح اس سے متاثرہ خاندان اور اس وبا کے سبب کسی بھی حوالے سے متاثر ہونے والے افراد امداد‘ ہمدردی اور دلجوئی کے زیادہ مستحق ہیں چنانچہ امت مسلمہ حقوق العباد کے فریضے سے کسی طور بھی غافل نہ ہو۔

عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ ابھی افغانستان میں کم سن طالبات کی سسکیاں تھمی نہ تھیں کہ ارض فلسطین سے بھی آہ و بکا کی آوازیںسنائی دینے لگیں، 27 رمضان المبارک سے آخری اطلاعات تک اسرائیل کی نہتے فلسطینی عوام، نمازیوں، بچوں، بزرگوں پرمظالم جاری ہےں ایسے عالم میں عید الفطر کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں، پورے عالم اسلام میں سوگ و غم کی سی کیفیت ہے، نماز عید و جمعہ کے اجتماعات میں مظلوم فلسطینیوں، کشمیریوں سمیت تمام مظلوموں کو یاد رکھا جائے، القدس کی آزادی کے لئے خصوصی و اجتماعی دعاو¿وں کا اہتمام کیا جائے اور فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم عید کو القدس کے ساتھ تجدید عہد کے طور پر منایا جائے- انہوں نے مزید کہاکہ او آئی سی امت مسلمہ کا متفقہ پلیٹ فارم ہے، اسے صرف رسمی اجلاس کی بجائے عملی اقدام اٹھانا ہوگا، او آئی سی حقیقی معنوں میں نمائندگی کا حق ادا کرے کیوں کہ یہ وقت اسی بات کا متقاضی ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے سانحہ کابل کے شہداءکے خانوادوں اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ غم اور مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم آپ کے غم میں نہ صرف برابر کی شریک ہے بلکہ فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کرونا وائرس کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کےلئے اپنی ذمہ داریا ں ادا کریںاور کورونا وائرس سے خود بچنے اور دوسروںکو بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریںاور کورونا وائرس سے متاثرین، مستحق نادار افراد کی بھر پور امداد کریں ۔

Read 519 times