ایران کی عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کی مذمت

Rate this item
(0 votes)
ایران کی عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے عراقی وزیر اعظم پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے، عراق میں امن و استحکام کی حمایت جاری رکھنے کے تہران کے دیرینہ اور اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادے نے عراق کی سلامتی اور ترقی کو نشانہ بنانے والی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے پچھلے اٹھارہ سال کے دوران عراق کی سلامتی و استحکام کو نشانہ بنانے والوں اور دہشتگرد گروہ قائم کر کے علاقے میں اپنے ناپاک عزائم کو آگے بڑھانے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔ 

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین کو ٹیلی فون کر کے وزیر ا‏‏عظم مصطفیٰ الکاظمی کو ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کا سلام پہنچایا اور ان کے بخیر و عافیت ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات دوست و برادر ملک عراق کی سلامتی کو نقصان پہنچائیں گے اور عراقی عوام کے دشمن عراق میں امن و امان خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں-

عراقی وزیر خارجہ نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں کسی کو بھی کوئی گزند نہیں پہنچی ہے۔

Read 420 times