طوفانی بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کو 10 ارب ڈالر کا نقصان

Rate this item
(0 votes)
طوفانی بارشوں اور سیلاب سے پاکستان کو 10 ارب ڈالر کا نقصان

پاکستان کی وفاقی حکومت نے ہفتوں کی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ملک کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا ہے۔

خاص طور پر سندھ کو ایک ارب 60 کروڑ ڈالر (355 ارب روپے) سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے کیونکہ تمام بڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے کہا کہ شدید بارشوں سے کپاس، چاول اور کھجور کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جس سے ایک کھرب 9 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ مرچ اور دیگر فصلیں بھی بارش سے تباہ ہو گئی ہیں۔

منظور وسان نے کہا کہ تقریباً 14 لاکھ ایکڑ پر کھڑی کپاس کی فصل، 6 لاکھ 2 ہزار 120 ایکڑ پر کھڑی چاول اور ایک لاکھ ایک ہزار 379 ایکڑ پر کھجور کے باغات تباہ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ 29 ہزار 582 ایکڑ پر گنے کی تقریباً 50 فیصد فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے باعث مرنے والوں کی تعداد 1136 ہوگئی جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اب تک 10 لاکھ 51 ہزار گھر تباہ ہوئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 75 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوئے۔

Read 364 times