صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا خدا اور پیغمبرؐ سے خیانت ہے، عبدالمالک الحوثی

Rate this item
(0 votes)
صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا خدا اور پیغمبرؐ سے خیانت ہے، عبدالمالک الحوثی
اسلام ٹائمز۔ انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبدالمالک بدر الدین الحوثی نے صنعاء میں پیغمبر اکرم (ص) کے یوم ولادت باسعادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم اور استکبار اپنے وجود کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، لوگوں کو نبیوں اور رسولوں اور آسمانی تعلیمات اور دین سے دور کررہے ہیں، مذہب کے نام پر بگاڑ اور فساد پھیلاتے ہیں اور رشتوں کو حرام اور ہم جنس پرستی جیسے گھناؤنے جرائم کو پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھے اعمال کا نہ ہونا اور ان کی جگہ سیاہ خیالات اور برے مقاصد زندگی کو ایک بڑی مصیبت میں بدل دیتے ہیں۔ عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ انسانی مصائب کی بنیادی وجہ ہدایت اور الٰہی تعلیمات کے راستے سے انحراف ہے جبکہ ان تعلیمات کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا اور اس کا کوئی متبادل بھی نہیں لا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص جتنا زیادہ خدائی اقدار کو نظر انداز کرتا ہے اتنا ہی زیادہ تکلیف اٹھاتا ہے اور اپنے دشمنوں کی زیادتی کا شکار ہوتا ہے۔ تحریک انصار اللہ کے رہنما نے مزید کہا کہ استکبار کہ جو ہمارے زمانے میں امریکہ اور غاصب اسرائیل ہیں، اور ان کے اتحادیوں کی تمام کوششیں انسانوں کو روشنی کے راستے سے نکال کر اندھیروں کی طرف لے جانے کے لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ (ص) انسانی کمالات کی معراج پر پہنچے اور آپ (ص) سب سے بڑے رسول اور بہترین انسان تھے، رسول اللہ (ص) نے ظالموں کو کچل کر عظیم کارنامہ انجام دیا اور عربوں کو جاہلیت سے دور سے نکال کر نور کی طرف لے گئے۔ الحوثی نے کہا کہ اگر مسلمان رسول اللہ (ص) کے راستے پر چلتے تو آج انسانی معاشروں کے قائدین میں سے ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مغرب اور مغربی معاشروں کے رہنماؤں سے کہتا ہوں کہ خدا اور اس کے رسولوں کی توہین، انبیاء سے دشمنی، خدا کی کتاب کو جلانے اور خدا کی تعلیمات سے دشمنی بند کریں۔ انصار اللہ کے رہنما نے کہا کہ میں مغرب کے رہنماؤں کو دعوت دیتا ہوں کہ اقدار سے لڑنا، بدعنوانی اور برائیوں کو فروغ دینا اور قوموں میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کرنا چھوڑ دیں، میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے ممالک کے حالات اور ان کے مسائل کے بارے میں سوچیں۔

الحوثی نے مزید کہا کہ میں مغرب کے رہنماؤں کو دنیا اور آخرت کے سنگین نتائج اور عذاب الٰہی سے خبردار کرتا ہوں اور انہیں صیہونیت کے طوق سے آزاد ہونے کی دعوت دیتا ہوں، جس نے انہیں گمراہ کیا ہوا ہے اور ان پر مکمل غلبہ حاصل کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم امت اسلامیہ کے تمام مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے حوالے سے اپنے اصولی اور قرآنی موقف پر تاکید کرتے ہیں۔ الحوثی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا خدا، پیغمبر اکرم (ص) اور مسلمانوں کے ساتھ خیانت اور کھلی منافقت ہے۔ انہوں نے یمن پر جارحیت پسندوں کے اتحاد سے کہا کہ وہ اپنی جارحیت کو ختم کرے اور یمن کی ناکہ بندی ختم کرے، قبضہ ختم کرے اور اس جنگ کو بند کرے۔ الحوثی نے یمنی قوم سے بھی درخواست کی کہ وہ جارحیت کا مقابلہ کرتے رہیں اور اس محاذ آرائی کو مقدس جہاد سمجھیں۔
 
 
 
Read 351 times