انسان، صبر سے سعادت کی راہوں کو طے کر سکتا ہے، آیت اللہ ہاشمی علیا

Rate this item
(0 votes)
انسان، صبر سے سعادت کی راہوں کو طے کر سکتا ہے، آیت اللہ ہاشمی علیا

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزه علمیه قائم چیذر تہران کے مؤسس آیت اللہ ہاشمی علیا نے اپنے ہفتہ وار درس اخلاق میں، صحیفہ سجادیہ کی آٹھویں دعا کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ صبر، انسانوں کیلئے ایک الہٰی امتحان ہے اور انسان کی ترقی و پیشرفت کی راہ میں ایک اہم کردار مصیبتوں میں صبر کا ہے۔ انسان عبادات، اطاعت اور ترک گناہ میں صبر کا مظاہرہ کر کے اپنے لئے ایک اہم مقام حاصل کر سکتا ہے۔ صبر مختلف معاملات میں الٰہی امتحان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسان مذکورہ تین مراحل میں، اس طرح سے عمل کرے کہ وہ بارگاہ خداوندی میں سرخرو ہو اور مکمل نمبر لے، اس صورت میں وہ قیامت کے دن حساب وکتاب کے بغیر بہشت میں داخل ہو جائے گا۔

آیت اللہ ہاشمی علیا نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اگر انسان کی عقل اور درک و تفکر میں کوئی کمزوری نہ ہو تو انسان اپنی سعادت کی راہ خود پیدا کرتا ہے، کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو انسان جہل و جہالت کا شکار ہو گا اور نتیجتاً انسان کا دل سخت ہو جائے گا۔

انہوں روایت کی رو سے انسانی زندگی میں صبر کی اہمیت اور کردار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ابی بصیر امام صادق علیہ السّلام سے روایت کرتے ہیں کہ آنحضرت نے فرمایا: «إِنَّ اَلْحُرَّ حُرٌّ عَلَی جَمِیعِ أَحْوَالِهِ إِنْ نَابَتْهُ نَائِبَةٌ صَبَرَ لَهَا وَ إِنْ تَدَاکَّتْ عَلَیْهِ اَلْمَصَائِبُ لَمْ تَکْسِرْهُ وَ إِنْ أُسِرَ وَ قُهِرَ وَ اُسْتُبْدِلَ بِالْیُسْرِ عُسْراً کَمَا کَانَ یُوسُفُ اَلصِّدِّیقُ اَلْأَمِینُ...؛ آزاد انسان، تمام حالات میں آزاد ہے، اگر اس پر کوئی مصیبت آئے تو صبر کا مظاہرہ کرے اور اگر مصیبت اسے چاروں طرف سے گھیر بھی لے تو اسے شکست دے نہ پائے، اگرچہ حضرت یوسف علیہ السّلام کی مانند اسیر اور مغلوب ہو اور سختیاں آسائشوں کی جگہ لیں۔

آیت اللہ ہاشمی علیا نے مزید کہا کہ حضرت یوسف علیہ السّلام نے غلامی کے دوران اپنے اوپر آنے والی تمام سختیوں اور الٰہی امتحانات میں صبر کا بھرپور مظاہرہ کیا اور اس کی پاداش میں خدا نے ستمگر اور سرکش مالک کو حضرت یوسف علیہ السّلام کا غلام بنا دیا۔ حقیقت میں واقعی حر وہ ہے جو تمام امور میں آزاد ہو یعنی بلاؤں میں آزاد ہو اور شیطان کا اسیر نہ ہو اور گناہ کے مقابلے میں آزاد ہو اور گناہ اور فانی دنیا کا اسیر نہ ہو۔

حوزہ علمیہ تہران کے استادِ اخلاق نے رضائے الٰہی کے حصول کے طریقہء کار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سید الساجدین علیہ السّلام صحیفہ سجادیہ کی آٹھویں نورانی دعا میں، خدا کی بارگاہ میں استغاثہ کرتے ہیں اور خدا کی بارگاہ میں صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کی پناہ مانگتے ہیں، لہٰذا انسان کو صبر و استقامت میں اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وعظ و نصیحت سنے، اچھے لوگوں کو دوست بنائے، خدا کی قرب حاصل کرے اور دنیا اور اس کی جلد ختم ہونے والی لذتوں کا بندہ نہ بنے، تاکہ سعادت ابدی کا مستحق قرار پائے۔

Read 355 times