اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں مرکزی امام بارگاہ جامع مسجد امام حسن مجتبی علیہ السلام جیکب آباد میں نماز جمعہ کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید الانبیاء کی ذاتِ گرامی میں اعلیٰ انسانی صفات جمع تھیں، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صاحب خلق عظیم ٹھہرے۔ آپ کی سیرت طیبہ بنی نوع انسان کے لئے قابل تقلید ہے کیونکہ آپ کی سیرت طیبہ پوری بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہفتہ وحدت کا اعلان کرکے اسلام دشمن استکباری قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، جو لڑاؤ اور حکومت کرو کی منحوس منصوبے کے تحت مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں۔ کیونکہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں۔ جن کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے والا نہ تو شیعہ ہے اور نہ ہی سنی، بلکہ استعمار کا ایجنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ وحدت کے موقع پر ملک بھر میں اتحاد بین المسلمین کے عنوان سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور برادران اہل سنت کے میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جائیں گی۔ علامہ مقصود ڈومکی کی تقریر کے دوران مسجد فضاء لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مرحبا یا مصطفیٰ کے نعروں سے گونج اٹھی۔
شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں، علامہ مقصود علی ڈومکی
Published in
تقریب بزرگان دین کی نظر میں