سعي

Rate this item
(0 votes)

تحریر: حضرت آيت اللہ العظمى سيد على خامنہ اى (دام ظلہ الوارف)

يہ عمرہ كے واجبات ميں سے چوتھا واجب ہے _

مسئلہ 295_ طواف كى دو ركعتوں كے بعد صفا و مروہ كے درميان سعى واجب ہے سعى سے مراد ان كے درميان اس طرح چلنا ہے كہ صفا سے شروع كرے اور پہلا چكر مروہ پر ختم كردے پھر دوسرا چكر مروہ سے شروع كركے صفا پر ختم كرے اور اسى طرح سات چكر لگائے اور ساتواں چكر مروہ پر ختم كر دے اور مروہ سے شروع كر كے صفا پر ختم كرنا صحيح نہيں ہے _

مسئلہ 296_ سعى ميں نيت شرط ہے اور نيت ميں قربت،اخلاص اور تعيين سب معتبر ہے جو احرام كى نيت ميں گزرچكا ہے _

مسئلہ 297_ سعى ميں حدث اور خبث سے پاك ہونا شرط نہيں ہے_

مسئلہ 298_ سعى كو طواف اور نماز طواف كے بعد انجام ديا جاتا ہے پس اسے ان دو پر مقدم كرنا صحيح نہيں ہے _

مسئلہ 299_ سعى كو اپنے اختيار كے ساتھ طواف اور نماز طواف سے بعد والے دن تك مؤخر كرنا جائز نہيں ہے البتہ رات تك مؤخر كرنے سے كوئي مانع نہيں ہے

مسئلہ 300_ ہر چكر ميں صفا اور مروہ كے درميان پورى مسافت طے كرنا واجب ہے البتہ ان كے اوپر چڑھنا واجب نہيں ہے _

مسئلہ 301_ سعى كے دوران مروہ كى طرف جاتے ہوئے مروہ كى طرف رخ كرنا واجب ہے اور اسى طرح صفا كى طرف رخ كرنا پس اگر سعى كے دوران پشت كرے يعنى الٹا چلے تو اسكى سعى صحيح نہيں ہے ہاں اپنے چہرے كو دائيں ، بائيں يا پيچھے كى طرف موڑنا مضر نہيں ہے _

مسئلہ 302_ واجب ہے كہ سعى عام راستے ميں ہو _

مسئلہ 303_ اوپر والى منزل ميں سعى كرنا صحيح نہيں ہے جبتك يہ محرز نہ ہو جائے كہ يہ دو پہاڑوں كے درميان ہے نہ ان سے اوپر اور جو شخص صرف اوپر والى منزل ميں سعى كرنے پر قادر ہو تو يہ كافى نہيں ہے بلكہ ضرورى ہے كہ كسى كو نائب بنائے جو اسكى طرف سے پہلى منزل پر سعى بجا لائے _

مسئلہ 304_ سعى كے دوران استراحت كى خاطر صفا و مروہ كے اوپر يا ان كے درميان بيٹھنا اور ان پر سونا جائز ہے بلكہ يہ بغير عذر كے بھى جائز ہے _

مسئلہ 305_ قدرت ركھنے كى صورت ميں واجب ہے كہ خود سعى بجا لائے اور پيدل چلتے ہوئے اور سوار ہوكر سعى كرنا بھى جائز ہے اور پيدل چلنا افضل ہے _ پس اگر خود سعى كرنا ممكن نہ ہو تو كسى سے مدد لے جو اسے سعى كرائے يا اسے اٹھا كرسعى كرائي جائے اور اگر يہ بھى ممكن نہ ہو تو نائب بنائے _

سعى كے ترك كرنے اور اس ميں كمى بيشى كرنے كے بارے ميں چند مسائل

مسئلہ 306_ سعى طواف كى طرح ركن ہے اور اسے جان بوجھ كر يا بھول كر ترك كرنے كا حكم وہى ہے جو طواف كوترك كرنے كا ہے اور اس كا ذكر گزرچكا ہے _

مسئلہ 307_ جو شخص بھول كر سعى كو ترك كر كے اپنے عمرہ سے مُحل ہوجائے اوراپنى بيوى كے ساتھ جماع كر لے تو احوط وجوبى كى بنا پر سعى كے بجا لانے كے ساتھ ساتھ ايك گائے كا كفارہ دينا بھى واجب ہے _

مسئلہ 308_ اگر بھول كر سعى ميں ايك يا زيادہ چكر كا اضافہ كردے تو اسكى سعى صحيح ہے اور اس پر كوئي شے نہيں ہے اور حكم سے جاہل حكم كو بھولنے والے كى طرح ہے _

مسئلہ 309_ جو شخص سعى كى نيت سے اپنى سعى ميں سات چكروں كا اضافہ كردے_ اس طرح كہ وہ سمجھتا تھا آنا جانا ايك چكر ہے _ تو اس پر اعادہ واجب نہيں ہے اور اس كى سعى صحيح ہے اور يہى حكم ہے اگر سعى كے دوران اسكى طرف متوجہ ہوجائے تو جہاں سے ياد آئے زائد كو منقطع كردے _

مسئلہ 310 _ جو شخص بھول كر سعى ميں كمى كردے تو اس پر واجب ہے كہ جب ياد آئے اسے مكمل كرے پس اگر اپنے شہر پلٹنے كے بعد ياد آئے تو اس پر واجب ہے كہ سعى كو مكمل كرنے كيلئے دوبارہ وہاں جائے مگر يہ كہ اس كام ميں اس كيلئے مشقت اور حرج ہو تو كسى دوسرے كو نائب بنائے _

Read 2926 times