نیوجی مسجد – بيجنگ

Rate this item
(1 Vote)

نیوجی مسجد چین کے دارالحکومت بیجنگ کی سب سے قدیم مسجد ہے جو 996ء میں تعمیر ہوئی۔

یہ بیجنگ کے مسلم آبادی کے علاقے ژوان وو ضلع میں واقع ہے جہاں تقریباً دس ہزار مسلمان رہتے ہیں۔ یہ مسجد 6 ہزار مربع میٹرز پر پھیلی ہوئی ہے۔

مسجد میں اسلامی اور چینی ثقافتوں کا ملاپ نظر آتا ہے۔ باہر سے یہ روایتی چینی طرز تعمیر سے متاثر نظر آتی ہے اور اندر اسلامی انداز جھلکتا ہے۔

996ء میں تعمیر کے بعد 1442ء میں منگ خاندان کی حکومت کے دوران اس مسجد کو دوبارہ تعمیر کیا گیا اور چنگ خاندان کی حکومت میں 1696ء میں اس میں توسیع کی گئی۔

1949ء میں عوامی جمہوریۂ چین کے قیام کے بعد مسجد تین مرتبہ 1955ء، 1979ء اور 1999ء میں تزئین و آرائش کے مراحل سے گذری۔

بیجنگ کی بلدیاتی حکومت اس علاقے میں ایک رہائشی منصوبے کی تعمیر شروع کر چکی ہے۔ نیوجی کے گرد 35.9 ہیکٹر پر پھیلے اس علاقے میں 7 ہزار 500 خاندان منتقل ہوں گے جن میں سے 58 فیصد مسلمان ہوں گے۔ اس منصوبے کے نتیجے میں نیوجی کا علاقہ مسلم انداز کے تجارتی علاقے میں تبدیل ہو جائے گا جس کا مرکز یقینی طور پر نیوجی مسجد ہوگی۔

Read 2941 times