جامع مسجد ژیان چین کے صوبہ شانژی کے شہر ژیان میں واقع ملک کی قدیم اور مشہور ترین مساجد میں سے ایک ہے۔
اسے پہلی بار تانگ خاندان کے ژوان زونگ (685ء تا 762ء) کے دور حکومت میں شاہراہ ریشم کے مشرقی کنارے پر قائم کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ کئی مرتبہ (خصوصاً منگ خاندان کے شاہ ہونگ وو کے دور حکومت میں) تعمیر نو کے مراحل سے گذری.
یہ مسجد ژیان کے مشہور ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے اور آچ بھی چین کے مسلمان اسے عبادت گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
مسجد کے عام روایتی طرز تعمیر کے برعکس جامع مسجد ژیان مکمل طور پر چینی طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔ تاہم اس میں قرآنی آیات کی خطاطی ضرور کی گئی ہے۔ جامع مسجد ژیان کا کوئی گنبد یا مینار نہیں۔