مرکزِ اسلامی واشنگٹن

Rate this item
(0 votes)

مرکزِ اسلامی واشنگٹن ریاستہائے متحدہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع مسجد اور اسلامی ثقافتی مرکز ہے جو خیابان میساچوسٹس پر واقع ہے۔

1957ء میں جب اس مسجد کا افتتاح ہوا تو اسے مغربی نصف کرہ کی سب سے بڑی مسلم عبادت گاہ کا اعزاز حاصل ہوا۔ یہاں جمعہ کے روز 6 ہزار افراد نماز ادا کرتے ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں مسجد اور اسلامی مرکز کی تعمیر کا خیال اس وقت آیا جب 1944ء میں ترکی کے سفیر منیر ارتوغن کا انتقال ہوا تو ان کی آخری رسومات کے لیے کوئی مسجد شہر میں واقع نہیں تھی۔ واشنگٹن کے سفارتی حلقوں نے مسجد کی تعمیر کے لیے اہم کردار ادا کیا اور دنیا بھر میں قائم اسلامی ممالک نے اس کی بھرپور تائید کی اور مالی امداد کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کے لیے نامور کاریگر بھی مہیا کیے۔

1946ء میں مسجد کی تعمیر کے لیے موجودہ جگہ خریدی گئی اور 11 جنوری 1949ء کو مسجد اور اسلامی مرکز کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ عمارت کا نقشہ اطالوی ماہر تعمیرات ماریو روسی نے تیار کیا اور 28 جون 1957ء کو مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں اُس وقت کے امریکی صدر آئزن ہاور بھی موجود تھے۔ اس مسجد کا انتظام مختلف سفارت کاروں پر مشتمل ایک انجمن سنبھالتی ہے۔ مسجد کی عمارت کے گرد دنیا بھر میں واقع اسلامی ممالک کے پرچم نصب ہیں۔ کئی اعلٰی شخصیات اس مسجد کا دورہ کر چکی ہیں جن میں امریکہ کے صدور بھی شامل ہیں۔

مسجد کے ساتھ ساتھ اس مرکز میں ایک کتب خانہ اور تدریسی کمرے بھی ہیں جہاں علوم اسلامی اور عربی زبان سکھائی جاتی ہے۔

Read 3355 times