اسلامی جمہوریہ ایران کے پولیس چیف نے کہا ہےکہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کی چوبیسویں برسی کے پروگراموں کے موقع پر تہران میں تیس ہزار پولیس اھلکار تعینات رہیں گے۔ مھر نیوز کے مطابق جنرل اسماعیل احمدی مقدم نےآج تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اس سال امام خمینی رح کی برسی کے پروگراموں کے موقع پر تیس ہزار پولیس اھلکار تعینات رہیں گے جو ٹریفک کنٹرول اور سکیوریٹی فراہم کرنے کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر چھے ہزار چھے سو موبائيل یونٹ بھی سرگرم رہیں گے اور ہیلی کاپٹروں سے بھی نظر رکھی جائے گي۔ جنرل احمدی مقدم نے کہا کہ امام خمینی کی برسی کےموقع پر بیس لاکھ سے زائد زائر ایران اور مختلف ملکوں سے آئيں گے اور تیس ہزار بسوں کو زائرین کی سہولت کے لئے پرمٹ دئے گئے ہیں۔ واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران میں چار جون کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کی چوبیسویں برسی منائي جائے گي۔