پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ جی اولسن 26 اگست کو خفیہ طور پر بلتستان کا دورہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ جی اولسن نے رواں ماہ کی بیس تاریخ کو بلتستان کا دورہ کرنا تھا، لیکن بعض سکیورٹی خدشات اور عوامی دباو کے پیش نظر انہوں نے اپنا یہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق رچرڈ جی اولسن کل 26 اگست کو خفیہ طور پر بلتستان کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس خبر کو لوکل میڈیا پر کوریج نہیں ملی، اخباری ذرایع کے مطابق امریکہ اور یو ایس ایڈ سے متعلق خبروں کی رپورٹنگ پر ذرایع ابلاغ شدید دباؤ میں ہیں۔ اس سلسلے میں یو ایس ایڈ کے بارے میں خبر دینے والے چند صحافیوں سے "اسلام ٹائمز" نے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ اس سلسلے میں ان پر کافی دباؤ ہے۔ جب یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ یہ دباو کس قسم اور کس سطح کا ہے، تو انکا کہنا تھا کہ یہ وقت آنے پر منظر پر لائیں گے۔
ایک صحافی نے واضح طور پر کہا کہ گلگت بلتستان جیسے پرامن علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف اور یہود و نصاریٰ کی تنظیموں بالخصوص یو ایس ایڈ کے بارے میں لکھنے کے سبب ان کی زندگی خطرے میں ہے۔