پاکستان اور افغانستان، ایک جیسے خطرات کا سامنا

Rate this item
(0 votes)
پاکستان اور افغانستان، ایک جیسے خطرات کا سامنا

پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف اور افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کابل میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ دہشت گردی سے پاکستان اور افغانستان کو نقصان پہنچا ہے اس لئے ہمیں مشترکہ خطرات کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا- اس موقع پر افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک جیسے خطرات کا سامنا ہےجن سے دونوں ملکوں کو نقصان پہنچا ہے- پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر خطے میں امن و استحکام قائم نہیں ہوسکے گا- ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے دشمن کھبی بھی پاکستان کے دوست نہیں ہوسکتے- نوازشریف نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ان کی خفیہ پناہ گاہیں ہوں گی انہیں ختم کیا جائے گا- پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمینیں استعمال نہیں ہونے دیں گے- وزیراعظم پاکستان نے اپنے ایک روزہ دورہ کابل میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات میں بھی دہشت گردی کے خاتمے کے طریقہ کار اور ساتھ ہی طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل کے بارے میں بات چیت ہوئی- نوازشریف کے ساتھ پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی کابل کے دورے پر گئے ہیں۔

 

Read 1370 times