مسئلہ فلسطینی کو اجاگر کرنے میں علما کا کردار نہایت اہم

Rate this item
(0 votes)
مسئلہ فلسطینی کو اجاگر کرنے میں علما کا کردار نہایت اہم

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ موجودہ اور آئندہ نسلوں کو آگاہ اور بیدار کرنے میں علما کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اسپیکر ڈاکٹرعلی لاریجانی نے یہ بات شام، لبنان، اور فلسطین میں، فلسطینی کاز کے لئے کام کرنے والے علما اور دانشوروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ فلسطینی اہداف اور امنگوں کو ذہنوں سے محو کرنے کی غرض سے کی جانے والی مذموم سازشوں سے موجودہ اور آئندہ نسلوں کو باخبر رکھنے میں علما کے کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی(رح) کے افکارو نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں،خاص طور سے فلسطینی بھائیوں کی حمایت کرنا ایران کے اسلامی انقلاب کے بنیادی اہداف میں سرفہرست ہے۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ امت مسلمہ میں اتحاد و وحدت قائم کرنا اور مظلوم قوموں خاص طور پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں فلسطینی قوم کی حمایت کرنا، بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی زندگی کا اہم ترین مقصد تھا- ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ امام خمینی (رح) کے اہداف و مقاصد آج رہبر انقلاب اسلامی کی عظیم الشان قیادت میں فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دیکر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران، غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا۔

Read 1566 times