پاکستان، افغانستان اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد ایران کی وزارت خارجہ نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے ان ممالک کی حکومتوں اور عوام سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے تعزیتی پیغام کے ساتھ ساتھ ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ نے پاکستان و افغانستان کی ہلال احمر کمیٹیوں کے سربراہوں کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کرنے کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ امیر محسن ضیائی نے پیر کے روز اپنے افغان اور پاکستانی ہم منصب کے نام علیحدہ علیحدہ پیغامات میں ان ملکوں میں زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، اپنی طبی و امدادی ٹیمیں فوری طور پر پاکستان اور افغانستان روانہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔
پاکستان کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ سعید الہی اور افغانستان کی ہلال احمر کمیٹی کی سربراہ فاطمہ گیلانی کے نام ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ امیر محسن ضیائی کے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں آیا ہے کہ ایران کی ہلال احمر کمیٹی اس طرح کے افسوسناک واقعات کا مقابلہ کرنے میں ان دونوں ملکوں کی ہلال احمر کمیٹیوں کی توانائیوں سے مکمل طور پر واقف ہے تاہم ایران، ان کی امدادی کارروائیوں کی حمایت کے لئے فوری طور پر اپنی امدادی و طبی ٹیمیں روانہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔