ہندوستان میں شدید بارش کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد نوے سے تجاوز کرگئی
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والی شدید بارش کے نتیجے میں اب تک نوے سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
شدید بارش سے کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور کئی علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں نیز ریل پٹریاں بھی پانی میں ڈوب گئی ہیں جس کی وجہ سے کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ ٹرینیں منسوخ ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے ریاست کے متعدد علاقوں میں اسکول اور کالج بھی بند کردیئے گئے ہیں۔
ریاست کے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لئے بری اور ہوائی فوج کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا نے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے پانچ ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے اور انتظامیہ سے امدادی کاموں میں تیزی لانے کی تاکید کی ہے۔