ہندوستان؛ تمل ناڈو سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد تین سو سے زائد ہو گئی

Rate this item
(0 votes)
ہندوستان؛ تمل ناڈو سیلاب میں مرنے والوں کی تعداد تین سو سے زائد ہو گئی

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ تمل ناڈو میں حالیہ شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر تین سو پچیس ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ ریاست تمل ناڈو کے مختلف علاقے، حالیہ بارش اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، خاص طور سے چنئی، کڈلور اور کانجی پورم اضلاع میں شدید بارش اور پھر سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بتاہی ہوئی ہے۔ بعض علاقے اب بھی زیر آب ہیں۔ اسی کے ساتھ امدادی کام بڑے پیمانے پر جاری ہیں اور ریاستی حکام کے ساتھ فوج اور سماجی تنظیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔اگرچہ سیلابی پانی میں کمی ہونے سے حالات میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن متاثرہ اضلاع کے لوگوں میں اب بھی خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

ریاستی دارالحکومت چنئی اور ریاست کے کئی دیگر شہروں میں شدید بارش کے سبب بجلی اور پانی کی سپلائی منقطع ہوگئی اور ٹیلی فون سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔ بارش اور سیلاب نے سڑک، ریل اور ہوائی خدمات کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق چنئی میں بہت سے سیلاب زدہ افراد کو غذائی اشیا، دوا اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ بعض علاقوں میں گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے والے لوگ کھانے پینے کی اشیا کی قلت کے سبب ان کے لئے درخواست کرتے بھی دیکھے گئے ہیں۔
دریں اثنا سیلاب زدہ علاقوں میں غذائی اور دیگر ضروری اشیا کی قلت کی وجہ سے لوگوں نے احتجاج بھی کیا ہے۔ چنئی میں ہونے والے احتجاج کی وجہ سے شہر میں آمد و رفت بہت زیادہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تمل ناڈو کی ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں حالات معمول پر آجائیں گے۔

Read 1548 times