دنیا نیوز کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فساد کرنیوالے کسی بھی صف میں ہوں ردالفساد آپریشن کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچانا ہوگا ،دہشت گردوں سے انہی کی زبان میں نمٹنا ملک کی سالمیت کیلئے لازم ہوچکا ہے ،عشق رسول کے جذبہ سے سرشار ہوکر ہی امن وسلامتی کے پرچم کو بلند اور دیگر مذاہب کے احترام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ،غلامان مصطفی مرسکتے ہیں سر کٹا سکتے ہیں مگر نبی کریم ﷺ کی شان میں ہرزہ سرائی برداشت نہیں کرسکتے ،عوام کی جان ومال سے خون کی ہولی کھیلنے والوں کو پھانسی کے پھندے پر نہیں لٹکایا جاتاشک کا فائدہ دیکر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت یوم تحفظ ناموس رسالت کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ عشق رسول میں جینا اور عشق رسول میں مرنا اہل حق کا شیوہ رہا ہے ،ردالفساد آپریشن کو ہر صورت کامیابی سے ہمکنار ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ،دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی کیونکہ امن وسلامتی کے ذریعے ہی ملک کو آگے کی طرف لے جایا جاسکتاہے ،مہنگائی ،بے روزگاری کی لعنت کا خاتمہ اور خوشحالی دہشتگردی کے خاتمے سے ہی ممکن ہوگی ،فوجی عدالتوں کی بحالی سے دہشتگرد منطقی انجام کو پہنچیں گے، کبھی کبھی ملک کے مفاد میں کڑوے گھونٹ پینے ہوتے ہیں۔