عراق کے وزیر اعظم نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ عراق کو اگر پوری دنیا کی حکومت دے دی جائے اور مفت میں پورے عراق کی تعمیر نو کر دی جائے تو بھی عراق کی حکومت، اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنا رابطہ منقطع نہیں کرے گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے نامہ نگاروں اور صحافیوں سے گفتگو میں ایران سے عراق کو دور کرنے کے لئے امریکی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عراق ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ عراق کو ایران کے خلاف جنگ کا میدان اور یا ایران کے خلاف جارحیت کے لئے عراق کی سرزمین کو استعمال کیا جا سکے۔
حیدر العبادی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ بعض ممالک عراق کو عالمی جنگ کے میدان میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر علاقائی بحرانوں میں عراق کا کوئی مفاد نہیں ہے اور وہ ان بحرانوں میں مداخلت نہیں کرے گا۔
عراق کے وزیر اعظم نے خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں کی جانب سے قطر کے جاری اقتصادی محاصرے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ بغداد قوموں کا محاصرہ اور بائیکاٹ کئے جانے کے سخت خلاف ہے۔