بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے اختلاف و تفرقے کے مقابلے میں عالم اسلام میں اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت باسعادت اور ہفتہ وحدت کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں ہفتہ وحدت کے اعلان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی کے اقدام کو امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کا زمینہ ساز قرار دیا۔
علی اکبر ولایتی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کو امن و تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے صیہونیت کے مقابلے میں محاذ آرائی کو اسلامی اسلامی محاذ آرائی میں تبدیل کرنے کی دشمن کی کوشش، اب تک مزامحت و استقامت کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ و عالم اسلام کے اتحاد کی بدولت شکست سے دوچار رہی ہے اور مسلمانوں میں اتحاد جاری رہنے کی صورت میں ان کے خلاف تیار کی جانے والی شرمناک سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔
انھوں نے کہا کہ شروع سے اب تک ایران کی اصولی پالیسی، مختلف اسلامی فرقوں میں اتحاد و یکجہتی کا تحفظ اور اس کا فروغ نیز کسی بھی قسم کے اختلاف و تفرقے سے گریز اور اسی طرح بعض نظریات کی جگہ امت مسلمہ کے وسیع مشترکات پر تاکید رہی ہے اور یہ، حضرت رسالتمآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی وحدت آفریں و امت کے قیام کے لئے آپ کی تعلیمات کا اہم ترین حصہ ہے۔