پاکستان کیلئے امریکی امداد بند

Rate this item
(0 votes)
پاکستان کیلئے امریکی امداد بند

وائٹ ہاؤس نے پاکستان کی 255 ملین ڈالر فوجی امداد بحال کرنے کا امکان مسترد کردیا۔

پاکستانی وزارت خزانہ نے امریکا کی جانب سے 255 ملین ڈالر کی امداد روکنے کی تصدیق کردی، ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پہلے سے متبادل انتظامات کر رکھے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ امریکا نے 255 ملین ڈالر کی امداد روکے جانے سے آگاہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امداد روکنے کا پہلے سے اندازہ تھا، اس لیے پاکستان نے متبادل انتظامات کر رکھے ہیں جبکہ امریکی امداد کی بندش سے پاکستان کی مالی ضروریات متاثر نہیں ہوں گی۔

واضح رہے کہ امریکی قومی سلامتی کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فوجی امداد جاری نہیں کی جائے گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے ہاں موجود دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، جس کی روشنی میں ہی دونوں ممالک کے تعلقات بشمول فوجی امداد کا فیصلہ کیا جائے گا۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ سیکیورٹی شعبہ جات میں پاکستان کے تعاون کا جائزہ لیتی رہے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اگست سے ہی ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان کی 255 ملین ڈالر کی امداد روکی ہوئی ہے۔  اس امداد کو غیرملکی فوجی معاونت کہا جاتا ہے.

دو روز قبل امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ امریکا نے پاکستان میں گرفتار حقانی نیٹ ورک  کے ایک جنگجو تک رسائی مانگی تھی لیکن پاکستانی حکام نے منع کردیا تھا جس پر برہم ہوکر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ انتہائی سختی کے ساتھ پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روکنے پر غور کررہی ہے۔

گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور امریکا نے بھی پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔

امریکا نے پاکستان پر ایک اور الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرسکتا ہے لیکن کر نہیں رہا، پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لیے جلد مزید اقدامات کریں گے۔

سارہ سینڈرز نے نئے سال کی پہلی پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے اس کے لیے چند دنوں میں امریکا کی جانب سے اسلام آباد پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید اعلانات متوقع ہیں۔

 

Read 1345 times