تہران کے خطیب جمعہ نےامام خمینی رح کو اسلامی انقلاب کی پہچان قرار دیا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز کے خطبوں میں عشرہ فجر کی آمد کی مناسبت سے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے نام کے بغیر اسلامی انقلاب کی کوئی شناخت نہیں ہے اور وہی انقلاب کی پہچان ہیں۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ ایران کا اسلامی انقلاب اپنا راستہ اس وقت تک جاری رکھ سکے گا جب تک وہ امام خمینی کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں پر گامزن رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب عالم اسلام خاص طور پر ایرانی عوام کے لئے خدا وند عالم کی عظیم نعمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی بدولت ایرانی عوام کو آزادی ، خود مختاری، سربلندی، سلامتی اور قومی سطح کی خود اعتمادی جیسی نعمت حاصل ہوئی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہاکہ ایران کے عوام اس سال پہلے سے بھی زیادہ پرشکوہ انداز میں اور پرجوش طریقے سے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں میں شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام خون کے آخری قطرے تک اسلامی انقلاب کا دفاع کرتے رہیں گے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کے حالیہ فتنوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دشمن بچگانہ طریقے سے اسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے کے درپئے تھے لیکن ایرانی عوام کی خودجوش ریلیوں نے ماضی کی طرح ایک بار پھران کی سازشوں کو ناکام بنادیا۔