پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا الزام پاکستان کے سر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک یورپی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر دفاع خرم دستگیر خان کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی سولہ سالہ ناکامی کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔
انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے پاکستان پر عائد کئے گئے الزامات کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کی ایک وجہ پاکستان پر مسلسل الزام تراشیاں بھی ہیں۔
پاکستان کے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا ملک، افغانستان کے ساتھ دو ہزار چھے سو کلومیٹر لمبی سرحد پر باڑ لگائے گا جس میں سے ڈھائی سو کلومیٹر کے علاقے میں باڑ نصب بھی کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کاروائی کے نتیجے میں پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔